گندم کی خریداری کیلئے ضلع منڈی بہاؤالدین میں 6مراکز قائم، 6لاکھ بوری کا ہدف مقرر

Revenue meeting
کٹائی شروع ہونے پر باردانہ کا اجرأ کیا جائے،خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ملنی چاہئیں،موسم کی صورتحال بھی مدنظر رکھی جائے
30جون سے پہلے تمام ریونیو اہداف حاصل کئے جائیں، پانی چوروں سے جرمانوں کی وصولی میں کوئی رعایت نہ کی جائے،ڈی سی او مظفر خان


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) گندم کی خریداری کیلئے ضلع منڈی بہاؤالدین میں 6مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں جبکہ 6لاکھ بوری کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر مظفر خان سیال کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ نے بتایا کہ خریداری مراکز منڈی بہاؤالدین شہر، جانو چک ، قادرآباد، بھیرووال، ملکوال اور گوجرہ میں قائم ہوئے ہیں۔ ڈی سی او نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرنواز ڈال کو ہدایت کی کہ گندم کی کٹائی شروع ہوتے ہی خریداری کیلئے باردانہ کا اجرأ کیا جائے۔ محکمہ خوراک باردانہ کے اجرأ کے وقت موسم کی صورتحال بھی مدنظر رکھے۔ خریداری مراکز پر کاشت کاروں کو باعزت طریقے سے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دریں اثنا ریونیو افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ 30جون سے پہلے تمام ریونیو اہداف ہر صورت میں حاصل کئے جائیں۔ پانی چوری میں ملوث افراد سے جرمانوں کی وصولی میں کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز ریونیو افسران کے کام کی مانیٹرنگ کریں جبکہ میں خود ہر ہفتے اجلاس میں مجموعی کارکردگی کاجائزہ لوں گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں