نئے بلدیاتی نظام کو موثر بنانے کیلئے منتخب نمائندوں اور سرکاری محکموں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا،ٹم ولیمز

Tim Williams 12.4.16
منڈی بہاؤالدین میں گلوبل انفارمیشن سسٹم کے اجرأ سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات کی فراہمی بہتر ہو گی،برطانوی نمائندہ
ڈی سی او مظفر خان سیال نے گلوبل انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا،سب نیشنل گورننس پروگرام کی ٹیم کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ڈیفڈکے نمائندے ٹم ولیمز نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کو موثر بنانے کے لئے منتخب نمائندوں اور سرکاری محکموں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ ضلع منڈی بہاؤالدین میں گلوبل انفارمیشن سسٹم کے اجرأ سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات کی فراہمی مزید بہتر ہو گی۔ وہ آج (منگل) یہاں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری افسروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈی سی او مظفر خان سیال نے گلوبل انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا اورسب نیشنل گورننس پروگرام کی ٹیم کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں سب سے زیادہ بہتری صحت کے شعبے میں آئی ہے۔ جس کے تحت ڈسٹرکٹ ، تحصیل ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں ضروری آلات ، ادویات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ سکولوں پر بھی بھرپورتوجہ دینے سے شرح خواندگی 70فیصد ہوگئی ہے۔منڈی بہاؤالدین میں جی آئی ایس کے قیام سے سرکاری محکموں کی استعدادکار میں مزید بہتری آئے گی۔ ٹم ولیمز نے ضلع حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ڈیفڈ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے آئندہ بھی مالی اور تکنیکی تعاون جاری رکھے گا۔سب نیشنل پروگرام کے ٹیم لیڈر شعیب سید نے جی آئی ایس جبکہ ای ڈی او فنانس میاں ظہیرالدین بابر نے ضلع میں ترقیاتی سکیموں پر پریذنٹیشن دی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں