سکولوں میں داخلے کے ’’یونیورسل انرولمنٹ پروگرام‘‘ کا آغاز،ڈی سی او نے افتتاح کیا

UPE Mandi Bahauddin
منڈی بہاؤالدین :سکولوں میں داخلے کے ’’یونیورسل انرولمنٹ پروگرام‘‘ کا آغاز،ڈی سی او نے افتتاح کیا
ایک لاکھ 42ہزار بچوں کو داخلہ دینے کا ہدف ، بچوں کو مفت داخلہ، کتابیں، بستہ، سٹیشنری اور ٹافیاں فراہم کی جائیں گی،مظفر خان سیال
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے سرکاری سکولوں کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا عزم کر رکھا ہے، ایم پی اے شفقت گوندل کا تقریب سے خطاب


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )منڈی بہاؤالدین میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سکولوں میں داخلے کے ’’یونیورسل انرولمنٹ پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈی سی او مظفر خان سیال نے 3بچیوں کا نام سرکاری سکولوں میں داخل کر کے مہم کا با ضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی شفقت محمود گوندل، ای ڈی او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ڈی ایم او افتخار حسین بلوچ، ڈی او ایجوکیشن اسلم حیات نسیم اور بچوں کے والدین بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے کہا کہ ضلع میں ایک لاکھ 42ہزار بچوں کو داخلہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جسے حاصل کرنے کے لئے محکمہ تعلیم جنگی بنیادوں پر کام کرے۔ پروگرام کے تحت بچوں کو مفت داخلہ، کتابیں، بستہ، سٹیشنری اور ٹافیاں فراہم کی جائیں گی۔ ’’بڑھو پنجاب پڑھو پنجاب‘‘ شرح خواندگی بڑھانے کیلئے انقلابی منصوبہ ہے۔بھٹہ مزدوروں کے 800بچوں کو بھی اس تعلیمی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ایم پی اے شفقت محمود گوندل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سرکاری سکولوں کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ’’یونیورسل انرولمنٹ پروگرام‘‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریب میں کم سن آفرینش ، جنت نشابر اور زینب فیاض کو مختلف سرکاری سکولوں میں داخلہ دیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں