ٹیکس چوری یا ٹیکسوں میں رعایت مانگنے کی سوچ ختم کرنا ہوگی، ٹیکسوں کی ادائیگی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے

Tax Day mandi bahauddin news
ٹیکس چوری یا ٹیکسوں میں رعایت مانگنے کی سوچ ختم کرنا ہوگی،ڈی سی اومظفر خان سیال
پنجاب حکومت ٹیکس ادائیگی کا نیا کلچر متعارف کرا رہی ہے، شہریوں اور کاروباری اداروں کو مہم میں شامل کیا جا رہا ہے،سیمینار سے خطاب
ٹیکسوں کی ادائیگی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے،ٹیکس ڈے کے موقع پر تقریب میں مقررین کا اظہار خیال،آگاہی واک بھی کی گئی


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری یا ٹیکسوں میں رعایت مانگنے کی سوچ ختم کرنا ہوگی۔ پنجاب حکومت ٹیکسوں کی ادائیگی کا ایک نیا کلچر متعارف کرا رہی ہے۔ جس کے تحت شہریوں اور کاروباری اداروں دونوں کو مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ وہ آج (اتوار) ٹیکس ڈے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں سرکاری افسروں، منتخب نمائندوں، تاجر رہنماؤں، بینکاروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ پہلی بار ٹیکس وصولی کیلئے سخت اقدامات کی جگہ ترغیبات کو ترجیح دی جا رہی ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ ٹیکس ادائیگی سے فرار کا مطلب ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ جس کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔ دریں اثنا ٹی ایم اے ہال میں ٹیکس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای ٹی او حبیب اﷲ چٹھہ، صدر انجمن تاجران اسد ادریس قریشی، ڈی او لیبر امجد علی،ڈی او سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ اور دیگر مقررین نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی ہی قومی ترقی کی ضامن ہے۔ ٹیکس نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ ہم کسی غریب کو تعلیم یا صحت کی سہولت سے محروم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر آگاہی واک بھی ہوئی۔ جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں