ڈینگی سے متعلق شعور کافی بڑھا، صفائی کا خیال رکھیں تو ڈینگی اپنی موت مرجائیگا

Anti Dengue sminar mbdin new
ملک کو ڈینگی سے مکمل پاک کرنے کیلئے قومی جذبے کے ساتھ کام کرینگے،منڈی بہاؤالدین کے شہریوں کا عزم
ڈینگی سے متعلق شعور کافی بڑھا، صفائی کا خیال رکھیں تو ڈینگی اپنی موت مرجائیگا،سیمینار سے افضال وڑائچ کا خطاب،واک بھی کی گئی
عوام نے ڈینگی سے ڈرنا چھوڑ دیا ہے،اے سی پھالیہ کاشف رضا، ڈینگی کے خطرے سے خبردار رہنا وقت کی ضرورت ہے،اے سی ملکوال


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پرمنڈی بہاؤالدین میں ضلع حکومت کے تحت مختلف آگاہی پروگراموں اور واک کا انعقاد کیا گیا۔جس میں شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پورے ملک بالخصوص منڈی بہاؤالدین کو ڈینگی سے مکمل پاک کرنے کیلئے قومی جذبے کے ساتھ کام کیا جائے گا۔ ٹی ایم اے ہال میں سیمینار سے خطاب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ نے کہا کہ شہری تھوڑی سی احتیاط کے ساتھ ڈینگی جیسے موذی وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی کوششوں سے الحمدﷲ عوام میں ڈینگی سے متعلق شعور کافی بہتر ہوا ہے۔ میڈیا اسی طرح مثبت کردار ادا کرتے رہے تو ڈینگی کے خاتمے کیلئے آگاہی میں اضافہ ہوگا۔ گھروں اور دفاتر میں صفائی کا خیال رکھا جائے تو ڈینگی اپنی موت مرجائے گا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد ، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیااﷲ صدیقی اور ڈاکٹر خالد خواجہ نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے بعد واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ضلعی افسروں، سرکاری ملازمین اور مختلف طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تحصیل پھالیہ میں مرکزی تقریب اسسٹنٹ کمشنر کاشف رضا اعوان کی زیرصدارت ہوئی جس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام نے ڈینگی سے ڈرنا چھوڑ دیا ہے اور اب پورے حوصلے سے اس وائرس کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ملکوال میں اسسٹنٹ کمشنر آصف رضا نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ حالیہ بارشوں کے تناظر میں ڈینگی کے خطرے سے خبردار رہنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بعدازاں ایک واک کی بھی قیادت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں