شہر میں53 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کے تعمیراتی کام کا آغازہو چکا ہے

Malakwal map
ملک وال(نامہ نگار) شہر میں53 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کے تعمیراتی کام کا آغازہو چکا ہے،موجودہ ارکان اسمبلی نے جتنے ترقیاتی کام کروائے ہیں اتنے پاکستان بننے سے لے کر آج تک کسی نے نہیں کروائے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) تحصیل ملکوال کے جنرل سیکرٹری راؤ محمدطارق نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے زیر اہتمام سیوریج اور واٹر سپلائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اس حوالہ سے ملکوال میں 4 بڑے واٹر ٹینک اور زیر زمین پانچ پانچ سو فٹ تک بور کر کے 8 ٹیوب ویلزبھی لگائے جائیں گے جس سے صاف پانی کا مسئلہ مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ہمارے ایم این اے ناصر اقبال بوسال نے عام انتخابات میں دریائے جہلم پر پل بنانے کے وعدے پر عوام سے ووٹ نہیں مانگے تاہم ایم این اے ناصر اقبال بوسال ٹریفک پل کی تعمیر کی پوری کوشش کر رہے ہیں انشاﷲ پل کی تعمیر بھی مسلم لیگ کے دور میں ہی ہو گی ۔راؤ طارق نے کہا کہ ایم پی اے شفقت محمود گوندل کی کوششوں سے شہری آبادی کوسیلاب سے محفوظ بنانے کے لئے دریائے جہلم سے ملحقہ بند کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ روپئے کی منظوری بھی ہو چکی ہے اور کام جلد شروع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سٹاف اور متعلقہ مشینری بہت جلد میسر ہو جائے گی جس سے تحصیل بھر کے ہزاروں افراد کو صحت کی مکمل سہولیات حاصل ہو ں گی ۔راؤ طارق نے مزید کہا کہ (ن)لیگی دور حکومت میں ملکوال شہر کی خوبصورتی اور اور علاقہ بھر میں سڑکوں کے جال بچھانے میں منتخب ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور ایم پی اے شفقت محمود گوندل کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں