نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بھٹہ مالکان اور والدین یہ عہد کریں کہ کمسن بچوں کا کام مشقت کرنا نہیں سکول جانا ہے

Brick killn meeting news
بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو بھی عام بچوں کی طرح حصول علم کے مواقع فراہم کرینگے،ڈی سی او منڈی بہاؤالدین
نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بھٹہ مالکان اور والدین یہ عہد کریں کہ کمسن بچوں کا کام مشقت کرنا نہیں سکول جانا ہے ،مظفرخان سیال


منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو بھی عام بچوں کی طرح حصول علم کے تمام مواقع فراہم کریں گے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بھٹہ مزدوروں کو مفت کتابیں، یونیفارم اور ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بھٹہ مالکان اور بچوں کے والدین یہ عہد کریں کہ کمسن بچوں کا کام مشقت کرنا نہیں بلکہ سکول جانا ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنرز، بھٹہ مالکان، مزدور تنظیموں کے نمائندوں،تعلیم، لیبر، ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈی سی اونے لیبر لیڈرکے ایک مطالبے پر کہا کہ بھٹہ مزدروں کو سوشل سکیورٹی کارڈ کے اجرأ کا عمل جاری ہے تاہم یہ بات ذہن میں رکھی جائے کہ صرف وہی مزدور سوشل سکیورٹی کی رجسٹریشن کے اہل ہیں جو قانونی شرائط پوری کرتے ہیں۔ ڈی او لیبر امجد علی نے بتایا کہ بھٹوں پر نئے سیزن کے آغاز پر محکمہ لیبر کی ٹیمیں متحرک ہوگئی ہیں اور مزدوروں کو طے شدہ معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔مظفر خان سیال نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں اور ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ چائلڈ لیبر روکنے کیلئے بھٹوں کے دورے جاری رکھیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں