کالی آندھی نے بھارتی سورماؤں کے ارمان خاک میں ملا دیے

West indes cricket team

ممبئی: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو سیمی فائنل میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا۔

بھارتی شہر ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے انتہائی سننسی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، کالی آندھی نے بھارت کا 193 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر پورا کیا۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز انتہائی خراب رہا، کرس گیل اور جونسن چارلز نے اننگز کا آغاز کیا تو گیل دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ہی 5 رنز بنا کر بھمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد مارلن سیموئل بیٹنگ کیلیے آئے مگر وہ بھی تیسرے اوور میں 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس سے کالی آندھی کی مشکلات میں اضافہ ہوا اور پاورپلے کی 6 اوورز تک بھارت کی میچ میں یک طرفہ جیت یقینی دکھائی دے رہی تھی تاہم چارلز نے لینڈل سیمنز نےکے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کیلیے 97 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی،

بھارتی کپتان نے چالرز اور سیمنز کی شراکت داری توڑنے کیلیے ویرات کوہلی کو اوورر دیا تو انہوں نے پہلی ہی گیند پر چارلز کو 52 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد میچ مزید دلچسپ ہوگیا اور کالی آندھی بھی مشکلات کا شکار دکھائی دی لیکن ایندرے رسل پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آئے اور آتے ہی گراؤنڈ کے چاروں اطراف جارحانہ اسٹروکس کھیلے۔ آخری 2 اوورز میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے 20 رنز درکار تھے جو انتہائی ویسٹ انڈیز کیلیے بظاہر آسان دکھائی دے رہے تھے لیکن رویندرا جڈیجا نے 19ویں اوور میں 3 ڈاٹ بولیں کروائیں اور چوتھی گیند پر ویرات کوہلی نے باؤنڈری پر سمنز کا شاندار کیچ کیا جس سے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی لیکن امپائر نے بیٹسمین کو روک کر ایکشن ریپلے دیکھ کر اپنے دونوں ہاتھ فضا میں بلند کردیے جس سے بھارتی شائقین کو سانپ سونگھ گیا، اور یوں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، کپتان دھونی نے ایک بار پھر ویرات کوہلی پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں اوور دیا لیکن اندرے رسل نے تیسری گیند پر چوکا اور چوتھی گیند پر چھکا رسید کرکے بھارتی ارمان خاک میں ملادیے۔ لینڈل سمنز 83 اور رسل 20 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔  لینڈل سیمنز کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ دیا گیا۔

بھارت کی جانب سے اشیش نہرا، جسپرٹ بھمرا اور ویرات کوہلی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انہوں نے مقررہ 20 اوورز میں 2 اوورز کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ روہت شرما اور اجینکا رہانے نے ٹیم کو 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، روہت 43 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد رہانے نے ویرات کوہلی کے ساتھ ملکر 66 رنز کی شراکت قائم کی اور 40 ر نز پر آؤٹ ہوگئے۔  ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے ویرات کوہلی 3 مواقع فراہم کیے جس کے باعث انہوں نے 33 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 1 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 89 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ کپتان دھونی بھی 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اندرے رسل اور سیموئل بدری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں