’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستانی اداروں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ظفر اقبال چوہدری

Zafar Iqbal Chaudhar
ملک وال(نامہ نگار) ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستانی اداروں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارت اپنی مکروہ چالوں کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے، پاکستانی قوم اتحاد و اتفاق سے تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دے گی، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے یوتھ ونگ کے ضلعی صدر ظفراقبال چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ابھی تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور روز اول ہی سے پاک دھرتی کے خلاف سازشوں کے جال بننے میں لگا ہوا ہے، لیکن اس پاک سرزمین کے ’’لا الہ الا ﷲ ‘‘ کی بنیاد پر بنے ہونے کی وجہ سے اور پاکستانی عوام کے ہمت و حوصلے کیوجہ سے ہمیشہ اپنے مکروہ ارادوں میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اک طویل عرصے سے کراچی، بلوچستان ، کے پی کے میں بدامنی اور شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سرگرم عمل ہے جبکہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس آفیسر اور ’’را‘‘ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اور اعترافی بیان نے بھارت کی تمام کرتوتوں کی قلعی کھول دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستانی اداروں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور دشمن کے لئے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی افواج اور پاکستانی قوم اپنے دفاع اور اپنی بقاء کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور دشمن کی میلی آنکھ کو اٹھنے سے پہلے ہی جھکا دیں گے اور اس کی کسی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں