گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ملک وال میں سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے

23rd March
یوم پاکستان کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ریلوے کالونی ملک وال میں تحصیل بھر کے سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے ہوئے ، تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پروفیسر امانت علی تھے۔
ملک وال(نامہ نگار) پنجاب حکومت کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ریلوے کالونی میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں مقابلہ جات ہوئے جس میں تحصیل بھر کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا ۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک وال سید عتیق الرحمن بخاری نے کی جبکہ ڈی ڈی او ایجوکیشن ملک وال پروفیسر امانت علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر امانت علی نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل بالخصوص طلبا کو یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا جائے کہ کس طرح 23مارچ 1940ء کو مینار پاکستان کے میدان میں ہندوستان کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں قرارداد پاکستان منظور کر کے سات سال کے مختصر عرصہ میں انگریز اور ہندو کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے ایک نئی اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کی نوجوان نسل اپنے نظریہ اور تاریخ کو بھول جاتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی ۔ ڈی ڈی او ایجوکیشن نے کہا کہ اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ طلبا کو نصابی کتب پڑھانے کے ساتھ انہیں یوم پاکستان کی اہمیت کے بارے میں بھی روشناس کرائیں تاکہ ان نوجوانوں کو معلوم ہو سکے کہ ہمارے اسلاف نے کس طرح جدوجہد اور قربایوں کے بعد یہ ارض وطن حاصل کیا ۔ تقریری مقابلہ میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک نمبر 9کے طالبعلم مجاہد علی نے پہلی ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ریلوے کالونی ملک وال کے زین العابدین نے دوسری جبکہ بھوجووال سکول کے محمد عثمان اور بھلووال سکول کے عتیق الرحمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ملی نغموں کے مقابلوں میں ایلیمنٹری سکول ملک وال کے ذیشان احمد نے پہلی ، بادشاہ پور سکول کے محمد عثمان نے دوسری جبکہ چک نمبر 9سکول کے محمد بنارس نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اے ای او سید عتیق الرحمن نے کہا کہ کامیاب ہونے والے طلبا کو انعامات 23مارچ کو ایک پروقار تقریب میں دیے جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں