صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نعیم اختر بھابھہ کا دورہ منڈی بہاؤالدین ،لینڈریکارڈ سنٹر اور ہسپتال کا معائنہ

Parliamentry secretary Naeem Bhabha 18-03-2016
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نعیم اختر بھابھہ کا دورہ منڈی بہاؤالدین ،لینڈریکارڈ سنٹر اور ہسپتال کا معائنہ
ڈی سی او سے ملاقات،دوروں میں ایم پی اے شفقت محمود گوندل اور ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) سکندر گوندل بھی ساتھ تھے
دیہی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنا شہباز شریف کا بہت بڑا کارنامہ ہے،کروڑوں افراد کی جائیدادوں کا ریکارڈ محفوظ ہو گیا،نعیم اختر بھابھہ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و تعمیرات نعیم اختر خان بھابھہ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر آج (جمعہ) منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا اور ڈی سی او مظفر خان سیال سے ملاقات کی۔ انہوں نے ایم پی اے شفقت محمود گوندل اور ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) سکندر گوندل کے ساتھ لینڈ ریکارڈ سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ جہاں اے سی شبیر حسین چیمہ، انچارج سنٹر خرم احمد رانجھا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مظہر عباس نون نے بریفنگ دی۔ نعیم اختر بھابھہ نے کہا کہ دیہی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنا وزیر اعلی شہباز شریف کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ کئی حلقوں نے اس منصوبے پر تنقید کی لیکن وزیراعلی کے عزم میں کوئی کمی نہ آئی۔ آج 143تحصیلوں کے کروڑوں افراد کی جائیدادوں کا ریکارڈ محفوظ ہو چکا ہے اور اب پٹواری کے پیچھے پیچھے بھاگنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کو پٹواری کلچر سے نجات دلانے کے بعد آپ دیانتداری کے ساتھ عوام کی خدمت کریں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ جہاں ایم ایس ڈاکٹر سعد اﷲ گوندل اور ڈاکٹر مہدی خان نے انہیں بتایا کہ ہسپتال میں یومیہ 550مریضوں کو طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ڈائلیسز سنٹر ، ایکسرے روم اور ڈینٹل یونٹ میں جدید آلات نصب کئے گئے ہیں۔ نعیم اختر بھابھہ نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین کی ضروریات کیلئے ناکافی ہے۔ وزیر اعلیٰ سے مزید سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کروں گا۔ انہوں نے بعد ازاں ملکوال کا بھی دورہ کیا اور ٹی ایم اے آفس سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں