کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمدآصف کا منڈی بہائوالدین کا دورہ، ڈی سی او کی بریفگ، ضلعی افسران کی شرکت

Commissioner Gujranwala visit to mbdin news
منڈی بہاؤالدین:عوامی سکیموں کو بر وقت مکمل ہونا چاہیئے،قیمتوں میں کمی یقینی بنائی جائے،کمشنر گوجرانوالہ
ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوور چارجنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے،کیپٹن (ر) محمدآصف کا افسروں سے خطاب
کمشنرکا منڈی بہاؤالدین کا پہلا دورہ،جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اظہار اطمینان ،ڈی سی اومظفرخان سیال نے بریفنگ دی

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوامی مفاد کی سکیموں کو بر وقت مکمل ہونا چاہیئے ۔ بالخصوص تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ وہ آج (جمعرات) بطور کمشنر اپنے پہلے دورہ منڈی بہاؤالدین میں ضلعی افسروں کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ ڈی سی او آفس آمد پر ڈی سی او مظفر خان سیال ، ڈی پی او راجہ بشارت محمود، اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنرز نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے کمشنر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ڈی سی او نے انہیں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ریونیو وصولی پر بریفنگ دی۔ کیپٹن (ر) آصف نے ہدایت کی کہ کسان پیکیج کے تحت جو کاشت کار ابھی تک چیک وصول کرنے نہیں آئے ان سے رابطہ کیا جائے۔ پٹرول سستا ہونے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہر صورت کمی یقینی بنائی جائے جبکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوور چارجنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ ڈی سی او نے انہیں بتایا کہ تینوں تحصیلوں میں اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع میں اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا بھی تعین کر دیا گیا ہے۔ کمشنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ جعلی اور زائد المیعاد ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دیگر قوانین کے ساتھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کا بھی استعمال کیا جائے۔ اجلاس میں کمشنر کا ضلعی افسروں سے تعارف بھی کرایا گیا۔٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں