منڈی بہاؤالدین میں جدید سہولتوں سے آراستہ اراضی ریکارڈ سنٹر کا باضابطہ افتتاح کل ہوگا

DCO Mandi Bahauddin Muzaffar Khan Sial

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ضلع منڈی بہاؤالدین میں دیہی اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل آخری مراحل میں ہے اور کل (جمعرات) تحصیل منڈی بہاؤالدین میں مالکان اراضی اور خریداروں کی سہولت کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ اراضی ریکارڈ سنٹر کا باضابطہ افتتاح کیا جائیگا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی پیر سید محمد محفوظ حسین مشہدی ہونگے جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین چیمہ اور دیگر افسران بھی موجود ہونگے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر نگرانی صوبے کی دیگر 143تحصیلوں کی طرح منڈی بہاؤالدین میں بھی شفاف طریقے سے اراضی ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے۔ اراضی ریکارڈ سنٹر میں صاف ستھرے ماحول میں سائلین کو مصدقہ فرد کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈی سی او مظفر خان سیال نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے اجرأ کو بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن پراجیکٹ ایک اچھا منصوبہ ہے۔ جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں