اسلام آباد اور پنڈ دادنخان جانیوالی درجنوں گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے کرایوں کے بارے استفسار

AC Visiting mandi bahauddin news
منڈی بہاؤالدین :حکومتی کرائے نامے پر عملدرآمد نہ کرنے والے ڈیڑھ درجن ٹرانسپورٹرگاڑیوں سمیت بند
رسول روڈ پر کھاریاں، جہلم، اسلام آباد اور پنڈ دادنخان جانیوالی درجنوں گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے کرایوں کے بارے استفسار
ٹرانسپورٹروں کامن مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے، شبیر حسین چیمہ،اے سی منڈی اور پھالیہ کے مختلف امتحانی مراکز کے بھی دورے

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )منڈی بہاؤالدین میں اوورچارجنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 18ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ نے حکومتی کرائے نامے پر عملدرآمد نہ کرنے والے 6 جبکہ سیکرٹری آرٹی اے فریال فخر نے ایک درجن ٹرانسپورٹروں کو گاڑیوں سمیت بند کر دیا ۔ اے سی نے رسول روڈ پر کھاریاں، جہلم، اسلام آباد اور پنڈ دادنخان جانیوالی درجنوں گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے کرایوں کے بارے میں پوچھا۔ کھاریاں جانیوالی بیشتر ویگنیں 51روپے کی بجائے 80یا 70روپے وصول کر رہی تھیں جبکہ اسلام آباد کیلئے ویگن 126روپے کی جگہ 300روپے کرایہ لے رہی تھیں۔اسی طرح جہلم کے ٹرانسپورٹر بھی اوورچارجنگ کررہے تھے۔ جس پر اے سی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں انتہائی کمی کے باوجود من مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ لاری اڈوں پر نئے کرائے ناموں کی تشہیر کی جائے۔اس دوران سیکرٹری آرٹی اے نے تھانہ صدر اور بھاگٹ کے علاقے میں کارروائی کر کے 12ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا۔ اوور چارجنگ پر 12ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول سوہاوہ بولانی، گورنمنٹ پبلک گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ کیااور میٹرک کے امتحانی مراکز کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایک سنٹر میں تعینات پولیس اہلکار ڈیوٹی کی بجائے فون پر خوش گپیوں میں مصروف تھا جس پر اے سی نے اس کی سخت سرزنش کی۔دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا شاہد اعوان نے بھی میٹرک کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور ایک طالبعلم میاں عزیز کو نقل کرتے ہوئے پکڑلیا۔ اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں