شہر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری ہے،ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے منڈی بہاؤالدین

Meeting Anjuman Tajraan Mandi Bahauddin news

تاجر برادری کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کی سہولت کیلئے جاری اقدامات کی حمایت کرے ،افضال احمد وڑائچ کی تاجروں سے گفتگو

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے منڈی بہاؤالدین افضال احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری ہے۔ تاجر برادری کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کی سہولت کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی حمایت کرے تا کہ شہر کو مثالی روپ دینے کا عمل جلد مکمل ہوسکے۔ آج یہاں (بدھ) انجمن تاجران کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن وقت کی اہم ضرورت تھا اور خود تاجر برادری طویل عرصے سے اس کا مطالبہ کر رہی تھی۔ یہ تاثر درست نہیں کہ ٹی ایم اے کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ افضال احمد وڑائچ نے کہا کہ ڈی سی او مظفر خان سیال کی خصوصی دلچسپی کے باعث شہر کی خوبصورتی کے کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ چیمہ چوک، ست سرا چوک اور دیگر مقامات پر آرائشی مجسموں کی تنصیب اس کی واضح مثال ہے۔ اگلے مرحلے میں تمام پارکوں کو خوبصورت بنایا جائیگا۔ انجمن تاجران کے رہنماؤں امجد ادریس قریشی، اسد ادریس قریشی اور الیاس بٹ نے ایڈمنسٹریٹر کی زیر قیادت ٹی ایم اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری شہر کی بہتری کیلئے کئے گئے تمام اقدامات کا ساتھ دے گی۔ اس موقع پر افضال وڑائچ نے تاجروں کے مسائل بھی سنے اور انکے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں