ضلع حکومت منڈی بہاؤالدین نے محکمہ صحت کے 153کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دیا

Health Department Mandi Bahauddin news
ضلع حکومت منڈی بہاؤالدین نے محکمہ صحت کے 153کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دیا
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر نے مستقلی کے تقرر نامے تقسیم کئے:ڈی سی او نے خصوصی دلچسپی لیکر حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کرایا، افضال وڑائچ
سرکاری ملازم کی حیثیت سے ہمیں چاہیئے ٹیکس دہندگان کے پیسے کا حق ادا کریں،میاں ظہیر،مستقلی پنجاب حکومت کا تحفہ ہے،ڈاکٹر منیر

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )پنجاب حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع حکومت منڈی بہاؤالدین نے محکمہ صحت کے 153کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دیا ہے۔ اس ضمن میں آج (جمعرات) ٹی ایم اے ہال میں ایک خصوصی تقریب ہوئی۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ نے ملازمین میں مستقلی کے تقرر نامے تقسیم کئے۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد ، ای ڈی او فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ میاں ظہیرالدین بابر، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیاء اﷲ صدیقی، ڈاکٹر خالد خواجہ، ڈی ڈی او ڈاکٹر حافظ شرجیل ، ڈاکٹر شکیل بٹ، ایم ایس ڈاکٹر سعد اﷲ گوندل اور ڈاکٹر میاں ارشد تنویر نے بھی شرکت کی۔ اے ڈی سی نے مستقل ہونیوالے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈی سی او مظفر خان سیال نے خصوصی دلچسپی لے کر تمام محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کرایا۔ مستقل ہونے والے ملازمین اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں جس طرح وہ عارضی ملازمت کے دوران کام کرتے رہے۔ میاں ظہیرالدین بابر نے کہا کہ سرکاری ملازم کی حیثیت سے ہمیں چاہیئے کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے کا حق ادا کریں اور اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں۔مستقل ہونیوالے ملازمین اپنی پہلی پرفارمنس برقرار رکھیں۔ ڈاکٹر منیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریگولر ہونیوالے ملازمین میں گریڈ 6سے 12تک کے ڈسپنسر، ایل ایچ وی، او ٹی اور ریڈیو گرافر شامل ہیں۔ چھوٹے ملازمین کی مستقلی پنجاب حکومت کا تحفہ ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں