ایک ماہ کے دوران ضلع میں 6نام نہاد کلینک اور بغیرلائسنس میڈیکل سٹور سیل،50ہزار روپے جرمانہ

DCO office mbdin
جعلی ادویات بیچنے والے اور عطائی معاشرے کا ناسور ہیں،عدالتوں سے سزا ملنے تک تعاقب کریں گے:مظفرسیال
جرمانے اور وارننگ کے باوجود باز نہ آنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے،ایک ماہ میں 50ہزار جرمانہ کیا گیا
جعلی اور زائدالمیعاد ادویات کی فروخت یا غیر قانونی پریکٹس میں ملوث7 افراد کے خلاف کارروائی کی منظوری، ایک عطائی حوالات میں بند

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ جعلی ادویات بیچنے والے اور عطائی معاشرے کا ناسور ہیں۔انسانی صحت سے کھیلنے والوں کا عدالتوں سے سزا ملنے تک تعاقب کریں گے۔ جرمانے اور وارننگ کے باوجود باز نہ آنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ آج (بدھ) جعلی ادویات اور غیر قانونی میڈیکل سٹورز کے خلاف شکایات کی سماعت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران ضلع میں 78مقامات کا معائنہ کر کے 6نام نہاد کلینک اور بغیرلائسنس میڈیکل سٹور سیل کئے گئے جبکہ 50ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے ڈرگ انسپکٹروں کو ہدایت کی کہ عطائیوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں اور حال ہی میں جن غیر قانونی ڈینٹل یونٹس کو بند کیا گیا تھا ان کا پھر معائنہ کیا جائے تا کہ عطائی دوبارہ دکانداری شروع نہ کر سکیں۔ مظفر خان سیال نے 7ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی منظوری دی جو جعلی اور زائدالمیعاد ادویات کی فروخت یا غیر قانونی پریکٹس میں ملوث ہیں جبکہ ایک عطائی کو حوالات میں بند کرا دیا گیا۔ اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد، ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ارشد تنویر،ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہر نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں