ریسکیو و موٹر وے پولیس حادثات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں:راجہ گلفام ؍ سید شاہد حسین

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ریسکیو و موٹر وے پولیس سڑک کے حادثات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر ڈرائیور کسی مستند ادارے سے فارغ التحصیل ہو کر اورریسکیو 1122کی تربیت حاصل کرکے گاڑی چلائیں گے تو سڑک کے حادثات میں کمی آئے گی۔ ہنگامی حالات سے نبردآزما ہونے کی تربیت کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طورپر طبی امداد دینے کے قابل بناتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر راجہ گلفام اور انسپکٹر موٹر وے پولیس سید شاہد حسین نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان کی ہدایت پر روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ریسکیو 1122کی 3روزہ تربیت حاصل کرنے والے ڈرائیورز کو تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122کے قیام سے سڑک پر حادثات سے دوران اموات کی شرح میں کمی آئی ہے کیونکہ اس سے قبل لوگ زخمیوں کو تھانہ کچہری کے چکر سے بچنے کیلئے تڑپتا ہوا چھوڑ کر گزر جاتے تھے مگر اب کسی بھی حادثہ کی صورت میں 1122پر کال کرنے سے جدید تربیت سے لیس عملہ 5سے7منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرین کی مدد کرتا ہے۔ ریسکیو تربیت ہر شہری کے لئے مفید ہے تا کہ 1122کے آنے سے پہلے 5سے 7منٹ بھی ضائع نہ ہوں اور متاثرین کو فی الفور طبی امداد دی جا سکے۔

اس تربیت میں دل اور پھیپھڑوں کو مصنوعی طریقے سے بحال کرنے،خون روکنے،مرہم پٹی کرنے،سانس کے راستے میں کسی بیرونی چیز کی مداخلت کو دور کرنے،سانحات میں مریضوں کی فوقیت کے لحاظ سے درجہ بندی ،فریکچر اور ریڑھ کی ہڈی کے چوٹ زدہ مریضوں کی ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں سکھائی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں