بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہ دینے کی پاداش میں گاؤں کے محنت کش خاندانوں پر ظلم کا بازار گرم

Malakwal news

گاؤں کے بااثر چوہدری اور اس کے بھائی نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہ دینے کی پاداش میں گاؤں کے محنت کش خاندانوں پر ظلم کا بازار گرم دیا، چوہدری اصغر نے بلدیاتی الیکشن میں یونین کونسل چک رائب سے وائس چیئرمین کا الیکشن لڑا تھا مگر ہار گیا، چوہدری کے مظالم کے خلاف محنت کش مردو خواتین کا احتجاجی مظاہرہ۔
ملک وال(نامہ نگار) تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز نواحی موضع چک رائب میں غریب محنت کش خاندانوں کے افراد خوشی محمد ولد محمد زمان ،محمد نذیر حجام،محمد افضل ولد متعلی خان مسلم شیخ ،عارف ولد کرم الہی، نذیراں بی بی ،صفیہ بی بی سمیت دیگر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بلدیاتی الیکشن میں چوہدری اصغر ہموآنہ نے وائس چیئرمین کے لئے الیکشن لڑا اور ہار گیا جس کے بعد اس نے انتقامی کاروائی کرتے ہوئے گاؤں کے غریبوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے متاثرہ شخص محمد عارف نے صحافیوں کو بتایا کہ میں مزدوری کے سلسلہ میں گھر سے جارہا تھاکہ چوہدری اصغر نے ووٹ نہ ملنے کی رنجش پر اپنے بیٹوں اور بھائی کے ہمراہ مجھے پل نہر کے قریب کان پکڑا وا کر ڈنڈوں کے وار کر کے زخمی کر دیا جبکہ گاؤں کے لوگوں نے مجھے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ ظلم کی شکار خاتون نذیراں بی بی نے بتایا کہ میری بہوکی ڈلیوری تھی اور میرا بیٹا ڈاکٹر کو لینے کے لئے جانا چاہتا تھا لیکن اصغر نے اسلحہ کے زورپر گھر سے نہیں نکلنے دیا تھا جس کی وجہ سے بروقت ڈاکٹر نہ پہنچنے کی بناء پر میری نومولود پوتی فوت ہوگئی تھی ۔ ایک اور مظلوم شخص خوشی محمد نے روتے ہوئے کہا کہ اصغر گاؤں کا بااثر چوہدری ہے الیکشن میں شکست کے بعد سے اس نے ہماراجینا محال کر دیا ہے جب چاہتا ہے ہمارے گھروں میں گھس آتا ہے خواتین کو گالم گلوچ کرکے بے حرمتی کرتا ہے اس نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ خدارا اس ظالم چوہدری سے ہمیں نجات دلائی جائے ۔ گاؤں کے غریب محمد افضل نے بتایا کہ چوہدری رات 10 بجے ہمارے گھر گھس آیا اور زبردستی مجھے اپنے ساتھ اپنی حویلی میں لے گیا اور مجھے لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا چند دن قبل بھی اس نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا تھا جو تاحال گجرات کے ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے اس موقع گاؤں کے رہائشی مرداور عورتوں نے چوہدری کے ظلم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سے اپیل کی کہ وہ گاؤں کے غریب لوگوں کو اس ظلم سے بچائیں اور تحفظ دیں۔۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں