ڈی سی او منڈی بہاؤالدین کا طبی مراکز اور سکولوں کا اچانک دورہ، غیر حاضریوں پر ملازمین سے جواب طلب

GHSS Bhikhi Shareef Rural Health Center Kuthiala shekhan mbdin news
ڈی سی او منڈی بہاؤالدین کا دور دراز علاقوں میں طبی مراکز صحت اور سکولوں کا اچانک دورہ ،حاضریاں چیک کی
رورل ہیلتھ سنٹر کٹھیالہ شیخاں میں میڈیکل آفیسر ، ڈینٹل سرجن کی عدم موجودگی جبکہ ڈسپنسر کی غیر حاضری پراظہار برہمی،ایکسرے یونٹ کا جائزہ لیا
ہائیر سکینڈری سکول بھکھی میں کئی اساتذہ غیر حاضر پائے ، مظفرخان سیال نے حاضری رجسٹر قبضے میں لے لیا، ای ڈی او سے رپورٹ طلب

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے آج (منگل) ضلع کے دور دراز علاقوں میں واقع طبی مراکز صحت اور سکولوں کا اچانک دورہ کر کے سٹاف کی حاضریاں چیک کیں۔ رورل ہیلتھ سنٹر کٹھیالہ شیخاں کے معائنے کے دوران انہوں نے میڈیکل آفیسر ، ڈینٹل سرجن کی عدم موجودگی جبکہ ایک ڈسپنسر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سینئر میڈیکل آفیسر سے کہا کہ مریضوں کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔غیرحاضری پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایکسرے یونٹ اور لیبارٹری کے دورے میں انہوں نے صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ بھی انکے ساتھ تھے۔ ڈی سی او نے میڈیکل سٹور کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کی ایکسپائری تاریخیں چیک کیں۔ ایمرجنسی میں ایک مریض بچہ آنے پر انہوں نے ایس ایم او کو کہا کہ آپ میرے ساتھ رہنے کی بجائے بچے کا معائنہ کریں۔ ایک خاتون مریض نے استفسار پر بتایا کہ رورل ہیلتھ سنٹر میں انہیں ضروری ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جس پر ڈی سی او نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس دوران گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول بھکھی کے دورے میں کئی اساتذہ غیر حاضر پائے گئے۔ جس پر مظفر خان سیال نے حاضری رجسٹر قبضے میں لے کر ای ڈی او ایجوکیشن سے تٖفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز اور سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور کلاس نہم میں طلباء کی کم حاضری پر پرنسپل کو وارننگ جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر صاحبان اور اساتذہ کرام اپنی ذمہ داریاں دیانت داری کے ساتھ انجام دیں ۔اس حوالے سے وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ ڈی سی او نے چک 38 اور سرگودھا روڈ پر متعدد سکولوں کا بھی معائنہ کیا۔٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں