قوم کو بہتر مستقبل دینے کیلئے لیبر تنظیموں سمیت سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا

DCO Meeting room news
بھٹہ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں،ڈی سی او منڈی بہاؤالدین
حکومتی قوانین پر سب کو عملدرآمد کرنا ہو گا اور بھٹہ مالکان بھی مزدوروں کو طے شدہ معاوضہ دیں،مظفر خان سیال
قوم کو بہتر مستقبل دینے کیلئے لیبر تنظیموں سمیت سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ایڈیشنل کمشنر افضال احمد وڑائچ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مٖظفر خان سیال نے کہا ہے کہ بھٹہ مزدورں کے کے سوشل سکیورٹی کارڈز بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اس حوالے سے محکمہ لیبر بھٹہ مزدوروں کی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور مزدوروں کے کم از کم معاوضے کی ادائیگی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ بھٹہ مالکان کا تعاون بھی قابل ستائش ہے ۔آج یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی قوانین پر سب کو عملدرآمد کرنا ہوگا اور بھٹہ مالکان بھی مزدوروں کو طے شدہ معاوضہ دیں۔ چھوٹے بچوں کو پڑھنے کی عمر میں مشقت پر لگانا کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا عمل آگے بڑھانے کیلئے محکمہ تعلیم مزید اقدامات کرے۔ ایڈیشنل کمشنر افضال احمد وڑائچ نے کہا کہ مزدور تنظیمیں بھٹہ مزدوروں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ قوم کو بہتر مستقبل دینے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈی او لیبر امجد علی نے اجلاس کو بتایا کہ کم اجرت کے حوالے سے ایک کمپلینٹ آئی تھی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ادائیگی کروا دی گئی۔ ای ڈی او ایجوکیشن سید توقیر شاہ نے بتایا کہ تمام مزدوروں کے 4سے 14سال تک کے بچوں کو سکولوں میں داخل کروا دیا گیا ہے مزید اگر کوئی خاندان دوسرے ضلع سے ہجرت کر کے منڈی بہاؤالدین کے بھٹوں پر کام کرنے کیلئے آتا ہے تو ان کے بچوں کو بھی سکول میں داخل کروایا جائے گا۔اجلاس میں ڈی ایس پی فاروق احمد،اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ، بھٹہ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں غلام سرور، جنرل سیکرٹری عمر حیات گوندل اور لیبر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں