کسی بھی سکول میں اساتذہ کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائیگی،طلباء کو سہولیات کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے

DCO Mandi Bahauddin Muzaffar Khan Sial
منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کے ”پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب”پروگرام کی کامیابی کا دارومدار اساتذہ کی کاکردگی پر ہے لہذا کسی بھی سرکاری سکول میں اساتذہ کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائیگی۔ آج یہاں محکمہ تعلیم کے افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلع میں محکمہ تعلیم سے متعلق انڈی کیٹرز ہر لحاظ سے مثبت ہونے چاہیئں۔ انہوں نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے باقاعدگی سے دورے نہ کرنیوالے افسروں کی تفصیل فراہم کی جائے۔ جس سکول میں طلباء یا اساتذہ کی حاضری کی شرح کم ہو گی وہاں کے اے ای او کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ ڈی سی او نے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں ٹائلٹس بلاک کی تعمیر اور نئے فرنیچر کی فراہمی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ طلباء کو تعلیمی سہولیات کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسم میں تبدیلی کے باعث ڈینگی کے خطرے سے بھی آگاہ رہنا ہو گا۔ تمام سکول صفائی اور ستھرائی کا کام مکمل کر لیں۔ جلد ہی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی ٹیمیں دورے کریں گی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی سکول میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے سوا کوئی بھی ڈینگی سپرے نہ کرے۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت کی ہدایات کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ اجلاس میں اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ، ڈی ایم او افتخار حسین بلوچ، ای ڈی او ایجوکیشن سید توقیر شاہ اور دیگرز نے شرکت کی۔
*****

اپنا تبصرہ بھیجیں