ریسکیو 1122کیلئے جدید آلات کی منظوری:انسانی جانیں بچانے سے زیادہ اہم اور کوئی کام نہیں

Recsue & reveneu meeting mbdin news
ریسکیو 1122کیلئے جدید آلات کی منظوری:انسانی جانیں بچانے سے زیادہ اہم اور کوئی کام نہیں،مظفر سیال
یہ آلات قیمتی ضرور ہیں لیکن اگر ایک بھی انسانی جان بچ جائے تو اس کے سامنے پیسے کی اہمیت نہیں،ڈی سی اومنڈی بہاؤالدین
لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سروس سینٹرز پر شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں،اجلاس میں ہدایت

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے ریسکیو 1122کیلئے جدید آلات کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں انسانی جانیں بچانے سے زیادہ اہم اور کوئی کام نہیں۔ریسکیو 1122کو مزید فعال بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کریں گے۔ وہ آج (منگل) ضلعی افسروں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں ریسکیو 1122 اور ریونیو کے معاملات پر غور کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے اجلاس کو ضروری آلات کے بارے میں پریذنٹیشن دی۔ ڈی سی او نے ای ڈی او فنانس کو ہدایت کی کہ کسی ناگہانی وجہ سے مسمار ہونے والی عمارتوں ، حادثے میں تباہ شدہ گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور بلند عمارتوں میں پھنسے لوگوں کو نیچے چھلانگیں لگانے میں مدد دینے والے آلات اور مزید لائف جیکٹس کی خریداری کے حوالے سے تمام کارروائی جلد مکمل کی جائے۔ یہ آلات قیمتی ضرور ہیں لیکن اگر ان کی مدد سے ایک بھی انسانی جان بچ جائے تو اس کے سامنے پیسے کی کوئی اہمیت نہیں۔ دریں اثنا مظفر خان سیال نے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور سروس سینٹرز پر تعینات عملے کو خبردار کیا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ کمپیوٹرائز سسٹم عوام کی سہولت کیلئے شروع کیا گیا ہے، سائلین کو بلا وجہ چکر نہ لگوائے جائیں۔ ریونیو افسران اپنے اہداف مکمل کرنے کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں