شہریوں کے جشن بہاراں منانے پر کوئی پابندی نہیں لیکن لوگوں کے گلے کاٹنے کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے گا

Police meeting mbdin news
پتنگ بازی کے شوق میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،ڈی سی او مظفر خان سیال
شہریوں کے جشن بہاراں منانے پر کوئی پابندی نہیں لیکن لوگوں کے گلے کاٹنے کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے گا
والدین ، اساتذہ بچوں کو خونین شوق سے باز رکھنے میں کردار ادا کریں،پتنگ بازی کا سامان بیچنے پر کارروائی ہوگی،اجلاس سے خطاب

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ کسی کو پتنگ بازی کے شوق میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپریم کورٹ اور پنجاب حکومت کی طرف سے عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ آج یہاں ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں منانے پر کوئی پابندی نہیں اور شہری ہر قسم کی تفریح کرنے میں آزاد ہیں تاہم خونیں ڈور کے ذریعے لوگوں کے گلے کاٹنے کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے گا۔ پولیس نے پہلے ہی پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے لیکن اب ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بھی کارروائی کریں گی۔ ڈی سی او نے والدین سے بالخصوص اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی کے خونین شوق سے باز رکھیں اور اس ضمن میں اساتذہ بھی اپناکردار ادا کریں۔ اگر کوئی بچہ پتنگ بازی کرتے پکڑا گیا تو والدین کو بھی اس کا ذمہ دار سمجھا جائے گا۔ انہوں نے اے سی اور ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پولیس کے گشت کی نگرانی کریں۔ مظفر خان سیال نے پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ غیرقانونی کاروبار کرنے سے گریز کریں۔ قانون شکنی پر قانون حرکت میں آئے گا اور کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں