حمیدہ وحید الدین نے چک 2جنوبی میں ایلیمنٹری سکول کو ہائی سکول کا درجہ دے کر افتتاح کر دیا

Chak No. 2 school mbdin news
کوئی طاقت عوامی خدمت کے ایجنڈے سے ہماری توجہ نہیں ہٹا سکتی،حمیدہ وحیدالدین
عمل پر یقین رکھتے ہیں، جھوٹے وعدے کرنا ہماری سیاست میں شامل نہیں، عوامی توقعات پوری کرنے کیلئے جو کچھ ہوسکا کریں گے
وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی مقبولیت کا راز یہی ہے کہ وہ عوامی اہمیت کے منصوبوں کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں
صوبائی وزیر کا چک 2جنوبی میں ایلیمنٹری سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔کوئی طاقت عوامی خدمت کے ایجنڈے سے ہماری توجہ نہیں ہٹا سکتی۔ عمل کرنے پر یقین رکھتے ہیں،جھوٹے وعدے کرنا مسلم لیگ(ن) کی سیاست میں شامل نہیں۔ عوام ہم سے جو توقعات رکھتے ہیں وہ پوری کرنے کیلئے جو کچھ ہوسکا کریں گے۔ آج (ہفتہ) یہاں چک 2جنوبی میں گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منزلیں نہیں طے کرسکتی۔ علاقے کے سکولوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپ گریڈ کرنے سے نہ صرف شرح خواندگی میں اضافے کی رفتار تیز ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔چک 2جنوبی میرا گھر ہے پہلے میں نے یہاں بچیوں کے مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دلایا اور مجھے خوشی ہے کہ اب میں نے بچوں کے سکول کو ہائی سکول بنوا دیا ہے۔ اس سکول کی بنیاد میرے والد مرحوم نے رکھی تھی۔ اس لئے اس کے ساتھ میری جذباتی وابستگی ہے۔ میں نے چک 2شمالی میں بھی سوا 4کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک بنوائی ہے۔ چک شمالی اور جنوبی میں چھپڑوں کی خشک ہونیوالی زمین تعلیمی مقاصد کیلئے وقف کی جائیگی۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مقبولیت کا راز یہی ہے کہ وہ عوامی اہمیت کے منصوبوں کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دیہات کے غریب افراد میں جناح آبادی سکیم کے تحت جومفت پلاٹ تقسیم کئے جارہے ہیں ان میں میاں بیوی دونوں کو ملکیتی حقوق دینا اوردیہات کی خواتین میں مفت مویشی تقسیم کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت خواتین کو اتنی ہی اہمیت دیتی ہے جتنی مردوں کو حاصل ہے۔تقریب سے خطاب میں چیئرمین یونین کونسل چک بساوا شکیل اعجاز چوہدری اور ہیڈ ماسٹر چوہدری خضر حیات نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے درخواست کی کہ ہائی سکول میں آئی ٹی لیب، آئی ٹیچر، سائنس لیب، ایک ہال، 3کلاس روم کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے سکول کی اپ گریڈیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ چک 2جنوبی پہنچنے پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں ڈی او سکینڈری راجہ شمریز اختر،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی رشید احمد، چیئرمین یو سی رسول مرزا زبیر بیگ،کونسلر غلام مصطفی، سابقہ کونسلر حاجی رشید، حاجی محمد اسلم گجراور نوازش علی گوندل بھی موجود تھے۔٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں