لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی منڈی بہاؤالدین کے 25چھوٹے کاشتکاروں کا انتخاب

Laser land celular system mbdin news

لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی منڈی بہاؤالدین کے 25چھوٹے کاشتکاروں کا انتخاب
سکیم کے تحت پنجاب حکومت ہر کسان کو ساڑھے 4لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کریگی، ایک کروڑ ساڑھے12لاکھ روپے مختص
لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی سے پیداواری اخراجات کم ہونگے جبکہ پیداوار میں30فیصد اضافہ ہو گا،اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی منڈی بہاؤالدین کے 25چھوٹے کاشتکاروں کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے زیر اہتمام تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ تھے۔ ای ڈی او زراعت میاں عبدالرشید ، ڈی او اصلاح آبپاشی آصف اقبال وٹو نے قرعہ اندازی کے عمل کی نگرانی کی۔ اے ڈی سی کی ہدایت پر امیدوار کسانوں میں سے مختلف افراد نے پرچیاں نکالیں۔ سکیم کے تحت پنجاب حکومت ہر کسان کو لیزر لینڈ لیولرکی خریداری کیلئے ساڑھے 4لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ اس مقصد کیلئے ایک کروڑ ساڑھے12لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ لیزر لینڈ لیولر حاصل کرنے والا کاشتکار اپنے ہی گاؤں کے دیگر کسانوں کو بھی زمین ہموار کرنے میں مدد کریگا۔ افضال احمد وڑائچ نے اس موقع پر کہا کہ شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی سے پیداواری اخراجات کم ہونگے جبکہ زرعی پیداوار میں30فیصد اضافہ ہو گا۔ لیزر لینڈ لیولر حاصل کرنیوالا کاشتکار اسے3سال تک فروخت نہیں کر سکتا۔ کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیولر چلانے کی تربیت بھی دی جائیگی۔ڈی او اصلاح آبپاشی آصف اقبال وٹو نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں مزید 24کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیولر دئیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر منڈی بہاؤالدین میں 49لیزر لینڈ لیولرز کیلئے سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ تقریب میں ضلع کے 4ایسے علاقوں میں زرعی کھالوں کی تعمیر کیلئے قرعہ اندازی بھی ہوئی جہاں وسائل کی کمی کی وجہ سے کھالوں کی اصلاح کا کام ادھورا ہے۔ منصوبے کے تحت تمام تعمیراتی خرچہ حکومت برداشت کریگی تا ہم آبپاشی سے مستفید ہونیوالے متعلقہ کاشتکار زرعی رقبے کے تناسب سے مزدوری کے اخراجات خود برداشت کریں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں