ہیلتھ ریفارمز کی رفتار مزید تیز کی جائے،ڈی ڈی اوز باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کریں، ڈی سی او

health refarms roadmap Mandi Bahauddin news
ہیلتھ ریفارمز کی رفتار مزید تیز کی جائے،ڈی ڈی اوز باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کریں،مظفر خان سیال
ہسپتالوں میں صفائی کا موجودہ معیار برقرار رکھا جائے، 24گھنٹے کھلے رہنے والے بی ایچ یوز میں تمام عملہ شفٹوں میں موجود رہے
طبی مراکز میں حاضریوں کی شرح بہتر ہوناباعث اطمینان ہے،ادویات کی فراہمی میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی،ڈی سی او

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ طبی مراکز میں حاضریوں کی شرح بہتر ہونا باعث اطمینان ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی فراہمی میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔ وہ آج (منگل) ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد، ای ڈی او فنانس میاں ظہیر الدین بابر،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیاء اﷲ صدیقی، ڈاکٹر خالد خواجہ اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے اس بات پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا کہ ڈی ڈی اوز باقاعدگی کے ساتھ طبی مراکز کا معائنہ نہیں کرتے۔آئندہ سے ہر ڈی ڈی او ہیلتھ بنیادی اور دیہی مراکز صحت کا دورہ کر کے مجھے رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ محکمہ صحت کے افسروں کا اجلاس طلب کر کے تفصیلی طور پر معاملات کا جائزہ لیں۔ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈیلیوری کیسز کا ہدف 104فیصد حاصل کرنا اطمینان بخش ہے۔ مظفر خان سیال نے ڈی او ہیلتھ کو تنبیہ کی کہ وہ ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں۔ ہسپتالوں میں صفائی کا موجودہ معیار برقرار رکھا جائے۔ 24گھنٹے کھلے رہنے والے بی ایچ یوز میں تمام عملہ شفٹوں میں موجود رہے۔ ای ڈی او ہیلتھ ضروری ادویات کی خریداری کا عمل تیز کریں۔ جن طبی مراکز کی کارکردگی اچھی ہے انہیں اظہار ستائش کے سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے جبکہ خراب پرفارمنس پر سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اجلاس میں بی ایچ یو لالہ پنڈی کے تمام سٹاف سے وضاحت طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں