صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کی طرف سے بے گھربیوہ خاتون کو نئے تعمیر شدہ مکان کی چابیاں حوالے کر دیں

CM Janah Abadi scheme mbdin news (2)

صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کی طرف سے بے گھربیوہ خاتون کو نئے تعمیر شدہ مکان کی چابیاں حوالے کر دیں
کندھانوالہ کی خاتون کے بچے کو چند ماہ پہلے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا ،صدمے سے اس کا والدمرزا ارشد بھی انتقال کر گیا
شہباز شریف نے مظلوم خاندان کو نیا مکان خرید کر دیا ہے، سر چھپانے کیلئے مستقل ٹھکانہ میسر آ گیا ،حمیدہ وحید الدین اور ممتاز تارڑ کی گفتگو

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے آج (ہفتہ) یہاں ایک سادہ سی تقریب میں بیوہ اور بے گھر خاتون نعیمہ ارشد کو نئے تعمیر شدہ مکان کی چابیاں حوالے کر دی گئیں۔وزیر اعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین اور ایم این اے ممتاز احمد تارڑ نے نعیمہ ارشد کو گھر کی چابیاں اور ملکیتی دستاویزات حوالے کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین چیمہ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ کندھانوالہ کی رہائشی خاتون کے نو عمر بچے کو چند ماہ پہلے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جبکہ صدمے سے اس کا والد مرزا ارشد بھی انتقال کر گیا۔ وزیر اعلیٰ نے مظلوم خاندان سے ہمدردی کیلئے خصوصی طور پر منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر بیوہ کی درخواست پر اسے مکان دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے خاتون کو 28لاکھ روپے مالیت کا 2 منزلہ مکان الحمد کالونی میں خرید کر دے دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مظلوم اور بے گھر خاندان کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اسے نیا مکان خرید کر دیا ہے۔ اس مکان سے بیوہ کے نقصانات کا ازالہ تو نہیں ہو سکتا تا ہم اسے سر چھپانے کیلئے مستقل ٹھکانہ ضرور میسر آ گیا ہے۔ ممتاز تارڑ نے بیوہ کی درخواست پر کہا کہ وہ مکان میں سوئی گیس لگوانے کیلئے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ نعیمہ ارشد نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالی شہباز شریف کو لمبی عمر عطا کرے ۔ انہوں نے ہمیشہ مظلوم اور غریب طبقے کا ساتھ دیا ہے۔ اپنا مکان ملنے سے ہم در بدر ہونے سے بچ گئے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں