ڈی سی او کا لاہور لائسیم، بیکن ہاؤس، سٹی سکول اور ایجوکیٹرز کا جائزہ،سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

dco visit schools

قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کو محفوظ درسگاہیں بنانا ہوگا،ڈی سی او مظفر خان سیال
دہشتگردوں کو ان کے عزائم میں ناکام بنانے کے لئے ضلع بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں
حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی سوچ کی بجائے بچوں کی حفاظت کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا،سکولوں کے دورے میں گفتگو

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کو محفوظ درسگاہیں بنانا ہوگا۔ دہشتگردوں کو ان کے عزائم میں ناکام بنانے کے لئے ضلع بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کے مختلف سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ڈی سی او نے اپنے دورے میں لاہور لائسیم، بیکن ہاؤس، سٹی سکول اور ایجوکیٹرز کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ بھی ان کے ساتھ تھے۔ مظفر خان سیال نے بڑے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تعلیمی اداروں میں بھی ایسے اقدامات کرنا ضروری ہے۔ محض حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی سوچ کی بجائے بچوں کی حفاظت کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ تمام بڑے سکولوں میں تعلیمی اوقات کے دوران 2پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پرائیویٹ سکیورٹی اہلکاروں کو بھی پولیس کی تربیت دلائی جارہی ہے۔ سکولوں کی چاردیواری پر خاردار دار بچھانے اور ہنگامی انخلا کا راستہ رکھنے کا کام مکمل ہونا باعث اطمینان ہے۔ اے سی شبیر چیمہ نے ڈی سی کو بتایا کہ وہ اور ڈی ایس پی صدر سلطان میراں باقاعدگی کے ساتھ سکولوں میں سکیورٹی کا معائنہ کررہے ہیں اور کچھ روز پہلے کئی سکولوں کو سیل بھی کیا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں