سیکرٹری کوآپریٹو اور ایس ایس پی سپیشل برانچ کا منڈی بہاؤالدین کا دورہ،ڈی سی او کے ہمراہ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

Security measures in Mandi Bahauddin news

سیکرٹری کوآپریٹو اور ایس ایس پی سپیشل برانچ کا منڈی بہاؤالدین کا دورہ،ڈی سی او کے ہمراہ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
تمام تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈ کی عمر 50سال سے کم ہونی چاہیئے،پولیس سے تربیت دلائی جائے،بابر حیات تارڑ کی ہدایت
خود بڑے تعلیمی اداروں کا معائنہ کر کے سکیورٹی انتظامات بہتر بنائے ہیں،طلبا کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں،ڈی سی او مظفر سیال

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب بابر حیات تارڑ اور ایس ایس پی سپیشل برانچ گوجرانوالہ افضل بٹ نے آج ( بدھ) منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری ، نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی سی او مظفر خان سیال، ایس پی سپیشل برانچ خالد محمود ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین چیمہ اور ڈی ایس پی سلطان میراں بھی انکے ساتھ تھے۔ بابر حیات تارڑ نے ہدایت کی کہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کی چار دیواری پر خاردار تاروں اور سکیورٹی کیمروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈ کی عمر 50سال سے کم ہونی چاہیئے اور انہیں پولیس سے تربیت دلائی جائے۔ نجی سکولوں کے معائنے کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈی سی او اور ڈی پی او اپنی نگرانی میں فرضی مشقیں کرائیں تا کہ تعلیمی ا داروں میں کسی ناگہانی صورتحال سے نبٹا جا سکے۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر اجتماعی سوچ کا پروان چڑھنا ضروری ہے۔ سکول کے پرنسپل یا دیگر ذمہ دار افراد کے موبائل فون میں متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کا نمبر محفوظ ہونا چاہیئے۔ ڈی سی او مظفر خان سیال نے بتایا کہ انہوں نے خود بڑے تعلیمی اداروں کا معائنہ کر کے سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے ہیں جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی صاحبان بھی باقاعدگی سے دورے کر رہے ہیں۔ طلباء کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں