سنیئر سرجن کی موت افسوسناک واقعہ ہے،ڈی پی او کی زیرنگرانی پولیس ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں,ملزم جلد پکڑے جائیں گے

DCO Mandi Bahauddin Muzaffar Khan Sial

ڈاکٹر شاہد نذیر کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے:ڈی سی او ، ڈی پی او منڈی بہاؤالدین
سنیئر سرجن کی موت افسوسناک واقعہ ہے،ڈی پی او کی زیرنگرانی پولیس ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں ، ملزم جلد پکڑے جائیں گے
واردات پر ڈاکٹر برادری کا احتجاج فطری امر ہے تاہم ہسپتالوں میں ہڑتال کرنے سے صرف مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا
پی ایم اے عہدیداروں کا فرض ہے کہ وہ تنظیم کے ارکان کی امنگوں کی حقیقی ترجمانی کرتے ہوئے قانون کی کارروائی پر اظہار اعتماد کریں

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ بشارت محمود نے کہا ہے کہ 2روز قبل پرانا رسول روڈ پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق ڈاکٹر شاہد نذیر کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ ڈی پی او کی زیرنگرانی پولیس کی مختلف ٹیمیں دن رات کیس پر کام کررہی ہیں اور ملزم جلد گرفتار کرلئے جائیں گے۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سنیئر سرجن کی موت بلاشبہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مقتول کے اہلخانہ اور ڈاکٹربرادری کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر برادری کا احتجاج ایک فطری امر ہے تاہم ہسپتالوں میں ہڑتال کرنے سے صرف مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور ڈاکٹروں جیسے انتہائی تعلیم یافتہ اور قابل احترام پیشے سے وابستہ افراد سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ نہ صرف قانون کی عملداری میں پیش پیش ہوں گے بلکہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ پی ایم اے کے عہدیداروں کا فرض ہے کہ وہ تنظیم کے ارکان کی امنگوں کی حقیقی ترجمانی کرتے ہوئے قانون کی کارروائی پر اعتماد کا اظہار کریں۔ پرامن احتجاج اور مریضوں کو علاج معالجے سے محروم رکھنا دو الگ چیزیں ہیں جن میں فرق کرنے کی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں