بھٹہ مالکان بھی مزدوروں کو طے شدہ معاوضہ دینے کا اپنا وعدہ پورا کریں

Meeting at DCO conferance room mbdin news

بھٹہ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی کارڈز کے جلد اجرأ میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں،ڈی سی او منڈی بہاؤالدین
حکومتی قوانین پر سب کو عملدرآمد کرنا ہوگا اور بھٹہ مالکان بھی مزدوروں کو طے شدہ معاوضہ دینے کا اپنا وعدہ پورا کریں،مظفر خان سیال
لیبرتنظیمیں بھٹہ مزدوروں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں، قوم کو بہتر مستقبل دینے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،افضال وڑائچ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے ڈسٹرکٹ آفیسر( لیبر) کو ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی کارڈز کے جلد اجرأ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جو کچھ بن پڑا وہ کریں گے تاہم بھٹہ مزدوروں کو بھی ایڈوانس رقم لینے کی عادت ترک کردینی چاہیئے تاکہ کوئی ان کا استحصال نہ کرسکے۔ یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی قوانین پر سب کو عملدرآمد کرنا ہوگا اور بھٹہ مالکان بھی مزدوروں کو طے شدہ معاوضہ دینے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔بچوں کو پڑھنے کی عمر میں مشقت پر لگانا کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا عمل آگے بڑھانے کیلئے محکمہ تعلیم اقدامات کرے۔ ضلع میں 1884بچے سکولوں میں داخل ہوچکے ہیں ۔ سکول جانے والے بچوں کو پنجاب حکومت یونیفارم، کتابیں اور سٹیشنری مفت فراہم کرے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ نے کہا کہ مزدور تنظیمیں بھی بھٹہ مزدوروں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجرا کیلئے تمام ضروری کوائف پورے ہونے چاہئیں۔ قوم کو ایک بہتر مستقبل دینے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان، اسسٹنٹ ملکوال آصف رضا، ڈی او لیبر امجد علی، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیااﷲ صدیقی،بھٹہ اونرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر میاں غلام سرور ، جنرل سیکرٹری عمر حیات گوندل اور لیبر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں