پی ٹی یو نے بروز پیر سے ہونے والے پانچویں پیک کے امتحان کا بائیکاٹ ختم کر دیا

Education exam students

سیکرٹری ایجوکیشن اور پنجاب ٹیچرز یونین میں مذاکرات کامیاب، پی ٹی یو نے بروز پیر سے ہونے والے پانچویں پیک کے امتحان کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔
ملک وال(نامہ نگار) پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی نائب صدر راجہ ذوالفقار علی نے بتایا کہ گزشتہ روز سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار شاہین اور پی ٹی یو کے قائدین کے درمیان لاہور میں مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں پی ٹی یو کی طرف سے مرکزی صدر حافظ غلام محی الدین، نائب صدر ڈاکٹر نواز انجم، چیئرمین امتیاز عباسی ، ضلعی صدر منڈی بہاؤالدین محمد بشیر وڑائچ، ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر خضر حیات کھوتھی اور شمیم وڑائچ وفد میں شامل تھے۔ راجہ ذوالفقار علی نے بتایا کہ سیکرٹری ایجوکیشن کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے انہوں نے ہمارے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں جس کے تحت سکولوں کی نجکاری ، پیک امتحان ، ڈراپ آؤٹ اور طلبا حاضری کے تحت اساتذہ کو سزائیں نہیں دی جائیں گی اور سزائیں دی گئی ہیں وہ ختم کی جائیں گی ۔ اساتذہ کے سکیلوں کو اپ گریڈ کر کے پی ایس ٹی کو گریڈ 14، ای ایس ٹی کو گریڈ 16اور ایس ایس ٹی کو گریڈ 17دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبہ کیمطابق سکولوں کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ماتحت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے اساتذہ کے اتحاد اور کامیاب ہڑتال کی وجہ سے اساتذہ کی تحریک کامیاب ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پی ٹی یو کے قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم فروری سے شروع ہونے والے پیک امتحان کا بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا ۔ تمام اساتذہ امتحانی فرائض سرانجام دیں گے۔پی ٹی یو کے مطالبات کے سلسلہ میں نوٹیفیکیشنز جلد جاری ہو جائیں گے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں