ضلع میں امن و امان کی مثالی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ڈی سی او مظفر خان سیال

Amno Amaan Ijlaas

قوم کے مستقبل کے معماروں کا تحفظ اہم معاملہ ہے،تعلیمی ادارے اپنے طور پر سکیورٹی انتظامات بہتر بنائیں،اجلاس سے خطاب
ایس ایچ اوز تعلیمی اداروں کے دورے کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر رپورٹ دیں، ڈی پی او راجہ بشارت محمود
منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی مثالی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ سانحہ چار سدہ کے تناظر میں تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات پر نظر ثانی کی جائے۔ وہ آج (سوموار)امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں ڈی پی او راجہ بشارت محمود، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کے مزموم عزائم ناکام بنا دیں گے۔ تعلیمی اداروں کو اپنے طور پر بھی سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے چاہئیں اور اگر ضروری ہو تو ادارے کے نام اسلحہ لائسنس بھی حاصل کیا جائے کیونکہ قوم کے مستقبل کے معماروں کا تحفظ سب سے اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے سکیورٹی کے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی اقدامات کرنے سے کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او راجہ بشارت محمود نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں کے دورے کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور متعلقہ ڈی ایس پی کو رپورٹ دیں۔ پولیس پہلے ہی الرٹ ہے اور انشاء اﷲ عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں