ڈھائی سالہ دور گواہ ہے کہ بلا امتیاز منصوبے مکمل کرائے، صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں اضافہ کرنے سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا

GPS Kotli Afghanan

ترقی کا جو سفر شروع کیا گیا ہے وہ اسی تیزی کے ساتھ جاری رہے گا،حمیدہ وحیدالدین
ڈھائی سالہ دور گواہ ہے کہ بلا امتیاز منصوبے مکمل کرائے، صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں اضافہ کرنے سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا
عوام کو انکی دہلیز پر صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کا عزم کررکھا ہے،صوبائی وزیر کا تقریب سے خطاب

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں ترقی کا جو سفر شروع کیا گیا ہے وہ اسی تیزی کے ساتھ جاری رہے گا۔ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا عزم کررکھا ہے اورکسی تنقید کی پرواہ کئے بغیر اپنا کام جاری رکھیں گے۔ آج منڈی بہاؤالدین کے گاؤں کوٹلی افغاناں میں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول کی بطور ایلیمنٹری سکول اپ گریڈیشن کاافتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام نے مجھے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا احترام کرتی ہوں اسی لئے میری مسلسل کوشش ہوتی ہے کہ یہاں کوئی نہ کوئی ترقیاتی منصوبہ مکمل ہوتا رہے۔8آرڈی سے کوٹلی افغاناں تک سڑک سمیت 56لاکھ روپے کی لاگت سے گلیوں اور نکاسی آب کے منصوبے مکمل کر دئیے گئے ہیں۔ میں نے اپنے حالیہ دورے میں ان منصوبوں کا وعدہ کیا تھاجو اب پورا ہو چکا ہے۔ جلد ہی یہاں سرکاری ڈسپنسری قائم کی جائیگی جبکہ سوئی گیس کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔ بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد میرے لئے آسانی پیدا ہوگئی ہے کہ میں ان کی طرف سے دی گئی ترقیاتی سکیموں کو صوبائی حکومت سے منظور کراؤں۔ حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ ہمارا ڈھائی سالہ دور گواہ ہے کہ ہم نے کسی امتیاز کے بغیر عوامی منصوبے مکمل کرائے۔ صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں اضافہ کرنے سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کی فلاح سے متعلق سکیموں کی نگرانی کریں اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔پوری کوشش کروں گی کہ یہ سکول جلد ہائی سکول تک اپ گریڈ ہوجائے۔ اس موقع پر جنرل کونسلر چودھری حاجی محمد حنیف،جنرل کونسلر مہر محمد فاضل،چوہدری اﷲ دتہ، چوہدری اصغر جاڑہ اور سرگرم مسلم لیگی کارکن چودھری مہر افتخار احمدنے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گاؤں کے بچوں کی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹ دور کی۔ حمیدہ وحیدالدین نے مقامی افراد کے مسائل بھی سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ گاؤں آمد پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں