’زیرو چائلڈ لیبر‘کا ہدف ہر صورت میں حاصل کیا جائیگا، سکول اوقات میں کوئی بچہ بھٹے پرنظر آیا تو مالک گرفتارہو گا

Brick visit

ڈی سی او اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کا مختلف بھٹہ ہائے خشت کا دورہ،چائلڈ لیبر کا جائزہ لیا
وزیر اعلیٰ چاہتے ہیں اینٹیں اٹھانے والے بچے بھی سکول جائیں،ہر بچے کو ایک ہزار روپے وظیفہ ، کتابیں، بیگ اور سٹیشنری فراہم کی جائیگی
’زیرو چائلڈ لیبر‘کا ہدف ہر صورت میں حاصل کیا جائیگا، سکول اوقات میں کوئی بچہ بھٹے پرنظر آیا تو مالک گرفتارہو گا،مظفر خان سیال

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ بشارت محمود نے نواحی علاقوں کے مختلف بھٹہ ہائے خشت کا مشترکہ دورہ کر کے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مزدوروں سے فرداً فرداً کم از کم معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں بھی پوچھا۔ڈی سی او نے واضح کیا کہ اگر کسی بھٹے پر سکول کے اوقات میں کوئی بچہ نظر آیا تو مالکان کی گرفتاری عمل میں لائی جائیگی۔ پنجاب حکومت نے ’’زیرو چائلڈ لیبر‘‘ کا جو ہدف مقرر کیاہے وہ ہر صورت میں حاصل کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف چاہتے ہیں کہ اینٹیں اٹھانے والے معصوم بھی عام بچوں کی طرح سکول جائیں اور تعلیم حاصل کریں۔ بھٹہ مالکان کو ماضی کی روایات ترک کر کے قوم کو اچھا مستقبل دینے کی حکومتی کوششوں میں مدد کرنی چاہیئے۔ سکول جانیوالے ہر بچے کو ایک ہزار روپے فی مہینہ وظیفہ ، کتابیں، بیگ اور سٹیشنری مفت فراہم کی جائیگی جبکہ والدین کو ایک بار کیلئے دو ہزار روپیہ دیا جائیگا۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ ڈی ایس پی اور متعلقہ ایس ایچ اوز بھی بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی روک تھام کیلئے انتظامی افسران کے ساتھ دورے کر رہے ہیں۔ عام شہری بھی تھانے میں چائلڈ لیبر کے بارے میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس دوران ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مظفر خان سیال نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی انرولمنٹ کا سلسلہ تیز کیا جائے اور جو مزدور نقل مکانی کرتے ہیں انکی جگہ آنے والوں کو بھی سکول میں داخل کرایا جائے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں