ڈی سی او کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،بیڈز کیلئے نئی چادروں،کمبلوں اورمریضوں کو خصوصی لباس فراہم کرنیکا افتتاح کیا

DCO Mandi Bahauddin Muzaffar Khan Sial

ڈسٹرکٹ ہسپتال منڈی بہاؤالدین کو ڈویژن کا مثالی سرکاری ہسپتال بنانا میرا مشن ہے، مظفرخان سیال
نئے ایئرکنڈیشنرز کی خریداری اور مرمت کیلئے فنڈز فوراً جاری کئے جائیں،ڈائیلسز سنٹر میں 24گھنٹے سروس جلد شروع ہوگی
ڈی سی او کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،بیڈز کیلئے نئی چادروں،کمبلوں اورمریضوں کو خصوصی لباس فراہم کرنیکا افتتاح کیا،وارڈز کا معائنہ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو پورے گوجرانوالہ ڈویژن کا مثالی سرکاری ہسپتال بنانا میرا مشن ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ آج(بدھ) ہسپتال کے دورے میں بیڈز کیلئے نئی چادروں،کمبلوں اورمریضوں کو خصوصی لباس فراہم کرنے کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ہسپتال میں خدمات کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات پر نہایت خوشی ہوئی ہے۔ اس کیلئے ای ڈی او(ہیلتھ) ڈاکٹر منیر اور ایم ایس ڈاکٹر سعداﷲ گوندل مبارکباد کے مستحق ہیں۔ڈائیلسز سنٹر میں 24گھنٹے سروس جلد شروع ہوگی اور مستقل یورالوجسٹ کی تعیناتی کیلئے سیکرٹری ہیلتھ کو لکھا جائے گا۔ ڈی سی او نے زنانہ ،مردانہ وارڈز، ایمرجنسی، ڈائیلسز سنٹر اور زیرتعمیر آئی بلاک کا معائنہ کیااور مریضوں سے مہیا کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ مریضوں نے بتایا کہ ڈاکٹر دن میں 3بار وارڈز کا دورہ کرکے معائنہ کرتے ہیں۔ مظفرخان سیال نے کہا کہ ہسپتالوں کو صفائی کے حوالے سے سب سے بہتر جگہ ہونا چاہیئے اور مقام شکر ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اس معیار پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے ای ڈی او فنانس میاں ظہرالدین بابر کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں نئے ایئرکنڈیشنرز کی خریداری اور مرمت کیلئے فنڈز فوراً جاری کئے جائیں۔ تمام ڈاکٹر صاحبان دوران ڈیوٹی اوورآل بھی ضرور پہنیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرافضال احمد وڑائچ، ڈاکٹر مہدی، ڈاکٹر یار احمد ضیا اور ڈاکٹر سرفراز لطیف بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں