منڈی بہاؤالدین اور پھالیہ میں چائلڈ لیبرپر 6 بھٹہ ہائے خشت سیل،مینجرز گرفتار،مقدمات درج

Arrest in jail

اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ نے 5 بھٹہ ہائے خشت،اے سی پھالیہ کاشف رضا نے ایک بھٹے کو سربمہر کردیا
بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی،زیرو چائلڈ لیبر کا ہدف ہرصورت میں حاصل کیا جائے گا،خود بھی دور کرونگا،ڈی سی او مظفر سیال

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال کی سخت ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سوموار کوتینوں اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈی ایس پیز کے ساتھ مختلف بھٹہ ہائے خشت کے دورے کئے۔ چائلڈ لیبر ثابت ہونے پر 6بھٹوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ نے جلال برکس، فتح شیر برکس، حاجی جلال اور گوندل برکس سمیت 5بھٹہ ہائے خشت کوبچوں سے مشقت کرانے پر سربمہر کردیا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد مینجروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مالکان کی تلاش کیلئے بھی چھاپے شروع کردیے ہیں۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان نے موضع دھول رانجھا میں سندھو برکس کے معائنے کے دوران چائلڈ لیبر آرڈیننس کی خلاف ورزی پربھٹہ خشت کو سیل کرکے مینجر کو گرفتار کرلیا۔ساہی برکس پر چائلڈ لیبر نظر نہیں آئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا نے گوندل برکس کا معائنہ کیا تاہم وہاں چائلڈ لیبر کاکوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ڈی سی او مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ کسی تفریق کے بغیر کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ میں اور ڈی پی او خود بھی بھٹہ ہائے خشت کے دورے کریں گے۔ زیرو چائلڈ لیبر کا ہدف ہرصورت میں حاصل کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے آرڈیننس میں بھٹہ ہائے خشت پر چائلڈ لیبر کی روک تھام اور بچوں کو سکول داخل کرانے کیلئے سزائیں مزید سخت کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں