پنجاب حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کیخلاف 23جنوری کومکمل ہڑتال اور سکولوں کی تالہ بندی کی جائے گی

Bashir Warraich president teacher unior mandi bahauddin news

پنجاب حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کیخلاف 23جنوری کو ضلع بھر میں مکمل ہڑتال اور سکولوں کی تالہ بندی کی جائے گی، ڈی ای او آفس کے سامنے احتجاجی جلسہ ہو گا، ضلع بھر کی اساتذہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس میں فیصلہ۔
ملک وال(نامہ نگار) آج گورنمنٹ ایم بی ہائی سکول منڈی بہاؤالدین میں اساتذہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پنجاب ٹیچرز یونین، متحدہ محاذ اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن، ایس ای ایس ٹیچرز یونین کے عہدیداروں محمد بشیر وڑائچ، راجہ ذوالفقار علی، ڈاکٹر نواز انجم، محمد ارشد ڈڈ، خضر حیات کھوتھی، عبدالعزیز گجر، سید محسن بخاری سمیت دو سو سے زائد رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو کے ضلعی صدر محمد بشیر وڑائچ نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کرنے ، اساتذہ کو پیک امتحانات کے نتائج پر سزائیں دینے سے تعلیمی نظام انحطاط کا شکار ہو چکا ہے اساتذہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی بدولت شدید ذہنی کوفت اور دباؤ کا شکار ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب محکمہ تعلیم کو ایک مل کی طرز پر چلانے کی کوشش کر رہے ہیں آئے روز کی بدلتی پالیسیوں نے صوبہ میں تعلیمی نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سراکری سکولوں کے بچوں سے پیک کا امتحان جبکہ پرائیویٹ سکولوں کو چھوٹ دینے کی پالیسی سے ظاہر ہو گیا ہے کہ حکومت سرکاری سیکٹر کو ختم کر کے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب خود ایک پرائیوٹ سکول کے مالک ہیں اس لئے وہ سرکاری سکولوں سے وہی سلوک کر رہے ہیں جو زرداری دور میں غلام احمد بلور نے ریلوے کے ساتھ کیا تھا ۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر نواز انجم نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں ہونے والے ہمارے احتجاجی دھرنا میں جو وعدے کئے تھے ان پر ابھی تک عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پیک امتحان کے تحت اساتذہ کی سزاؤں کا خاتمہ، پی ایس ٹی کو گریڈ 14، ای ایس ٹی کو گریڈ 16جبکہ ایس ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 17دینا بھی شامل تھا انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں اساتذہ کو ٹائم سکیل اور اگلے گریڈ دیے جا چکے ہیں لیکن پنجاب حکومت اس پر عملدرآمد کرنے سے گریز کر رہی ہے ۔ ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر خضر حیات کھوتھی، ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عبدالعزیز گجر، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر سید محسن بخاری ، پی ٹی یو کے ضعلی نائب صدر راجہ ذوالفقار علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 جنوری کو ضلع بھر کے تمام بوائز اور گرلز سکول مکمل بند رہیں گے جبکہ ڈی ای او آفس کے سامنے ہونے والے جلسہ میں پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر حافذ غلام محی الدین ،چیئرمین امتیاز احمد عباسی،مرکزی سینئر نائب صدر ملک سجاد اختر اعوان اور مرکزی سیکرٹری جنرل کاشف شہزاد چوہدری سمیت ضلع بھر سے ہزاروں اساتذہ شرکت کریں گے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں