ہر اسسٹنٹ کمشنر آفس میں خصوصی کاؤنٹر قائم،جہاں بھٹہ مزدور معاوضے کی کم ادائیگی کی شکایات درج کراسکتے ہیں

DCO Mandi Bahauddin Muzaffar Khan Sial

منڈی بہاؤالدین میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سکولوں میں داخلے کا ہدف حاصل کرلیا ،ڈی سی او مظفر سیال
ہر اسسٹنٹ کمشنر آفس میں خصوصی کاؤنٹر قائم کردیا گیا جہاں بھٹہ مزدور معاوضے کی کم ادائیگی کی شکایات بھی درج کراسکتے ہیں

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ ضلع میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سکولوں میں داخلے کا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے اور نئے قانون کے تحت اس معاملے میں اب نرمی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کردیا ہے جہاں بھٹہ مزدور معاوضے کی کم ادائیگی کی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ اس ضمن میں انتظامی افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ محکمہ لیبر کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز باقاعدگی سے بھٹہ ہائے خشت کے دورے کررہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مزدروں کو کم ازکم معاوضے کی ادائیگی یقینی بنانے تک یہی جذبہ برقرار رکھے گی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ کو ہفتے بھر کی رپورٹ جمع کرائی جائے۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیرحسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان اور اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا نے ڈی سی او کو بتایا کہ انہوں نے اپنی تحصیلوں کے متعدد بھٹہ ہائے خشت کے دورے کرکے بچوں کی تعلیم اور کم از کم معاوضے کا جائزہ لیا۔مظفر خان نے ہدایت کی دورے میں متعلقہ ڈی ایس پی بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ہونا چاہیئے جبکہ ڈی او لیبر امجدعلی الگ کارروائی جاری رکھیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں