صوبائی وزیر ترقی خواتین کی 20جوڑوں کی شادی کی اجتماعی تقریب میں شرکت

Ijtmai shadi taqreeb photo set final-2

ایسے مخیر حضرات قابل تعریف ہیں جو مستحق بچوں اور بچیوں کی شادی کی سرپرستی کرتے ہیں،حمیدہ وحید الدین
اگر تمام صاحب استطاعت افراد آگے آئیں تو کوئی غریب بچی وسائل کی کمی کے باعث اپنے والدین کے گھر نہ بیٹھی رہے
صوبائی وزیر ترقی خواتین کی 20جوڑوں کی شادی کی اجتماعی تقریب میں شرکت، نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد اور سلامی دی

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ نفسا نفسی کے اس دور میں ایسے مخیر حضرات قابل تعریف ہیں جو مستحق طبقے کے بچوں اور بچیوں کی شادی کی سرپرستی کرتے ہیں۔ اگر تمام صاحب استطاعت افراد آگے آئیں اور اس نیک کام میں حصہ لیں تو کوئی غریب بچی وسائل کی کمی کے باعث اپنے والدین کے گھر نہ بیٹھی رہے۔ وہ آج (جمعرات)یہاں سماجی رہنماؤں مرزا ساجد مغل، حاجی عاشق حسین مغل اور ڈاکٹر مجاہد مغل کی سرپرستی میں 20جوڑوں کی شادی کی اجتماعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے گفتگو کررہی تھیں۔انہوں نے مرزا برادران کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کی شادی کے اخراجات برداشت کرنے عظیم کار خیر ہے جس کا اجر اﷲ تعالیٰ دے گا۔ دولتمند تو کئی اور لوگ بھی ہیں لیکن اﷲ کی راہ میں خرچ کرنے کا حوصلہ کسی کسی کو ہوتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت بھی معاشرے کے محروم طبقے کی فلاح کیلئے دن رات کوشاں ہے بالخصوص خواتین کا عام زندگی میں کردار بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اسلام کے سنہری اصولوں پر چلتے ہوئے ہمیں فلاحی کاموں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ حمیدہ وحید الدین نے نوبیاہتا جوڑوں کو فرداً فرداً مبارکباد اور سلامی دی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے آج حلف اٹھانے سے جمہوریت کے استحکام کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔ انشااﷲ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ان کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں