چائلڈ لیبر کا دور ختم ہو گیا، 5سے 14سال کا کوئی بچہ بھٹہ خشت پر کام کرتا نظر نہ آئے،ڈی سی او

dco meeting bhutta mazdoor final

چائلڈ لیبر کا دور ختم ہو گیا، 5سے 14سال کا کوئی بچہ بھٹہ خشت پر کام کرتا نظر نہ آئے،ڈی سی او منڈی بہاؤالدین
ضلع میں جتنے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی رجسٹریشن ہو چکی انکا تین روز کے اندر سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے،مظفر خان سیال
پھالیہ تحصیل میں 100فیصد بچوں کی تعلیم شروع، منڈی بہاؤالدین اور ملکوال تحصیل میں 70فیصدہدف حاصل ،اجلاس کو بریفنگ

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کا دور ختم ہو چکا ہے۔5سے 14سال کا کوئی بچہ بھٹے پر کام کرتا ہوا نظر نہ آئے ورنہ بھٹہ خشت کے مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اب بھٹہ مزدوروں کے بچے بھی عام بچوں کی طرح سکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔ وہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا، ڈی او لیبر امجد علی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ ضلع میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکول میں داخل کرانے کا ہدف تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ پھالیہ تحصیل میں 100فیصد بچوں کی تعلیم شروع ہو گئی ہے جبکہ منڈی بہاؤالدین اور ملکوال تحصیل میں 70فیصدسے زائد ہدف حاصل کر لیا گیاہے۔
ڈی سی او نے سختی سے ہدایت کی کہ ضلع میں جتنے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے انکا تین روز کے اندر سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے۔ پنجاب حکومت کسی بھی صورت میں بھٹوں پر چائلڈ لیبر برداشت نہیں کریگی۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم اور کم از کم معاوضے کی ادائیگی میں کوئی نرمی نہ کی جائے۔ حکومت اس ضمن میں مزید سخت قوانین متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ مظفر سیال نے کہا کہ جہاں بھٹوں کے کلسٹر میں سکول نہیں وہاں بھٹہ مالکان اور محکمہ تعلیم کے تعاون سے غیر رسمی سکول کھولے جائیں۔ تینوں اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پی روزانہ کم از کم ایک بھٹہ خشت کا معائنہ ضرور کریں۔ اگلے مرحلے میں ڈی پی او اور میں خود بھی مختلف بھٹوں کے دورے کریں گے۔ بچوں کی تعلیم کے ساتھ بھٹہ مزدوروں کو کم از کم معاوضے کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔ ڈی او لیبر امجد علی نے اجلاس کو بتایا کہ منڈی بہاؤالدین میں بھٹہ مزدوروں کے 1061 بچوں کی انرولمنٹ مکمل ہوچکی ہے۔ حکومت کی طرف سے مقررہ ہدف جلد حاصل کرلیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں