دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کا کام انشا ء اﷲ ہمارے دور حکومت میں ہی شروع ہو گا، ناصر بوسال

Nasir Bosal MNA MBDIN NEWS

ملک وال(نامہ نگار) دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کا کام انشا ء اﷲ ہمارے دور حکومت میں ہی شروع ہو گا اس میگا پراجیکٹ کیلئے ملحقہ تحصیل پنڈددادنخان کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ جلد وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کروں گا ، ضلع اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین مسلم لیگ ن کے ہی بنیں گے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال نے گزشتہ روز ٹی ایم اے ملک وال کے سپرنٹنڈنٹ ملک شیر محمد کی والدہ اور انجمن طلبا اسلام کے سابق ناظم ملک خالد رضا کھوکھر کی دادی کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چک نظام کے مقام پر دریائے جہلم پر ٹریفک پل تین اضلاع منڈی بہاؤالدین، جہلم اور سرگودھا کی لاکھوں عوام کی اشد ضرورت ہے اس کی تعمیر سے ملک وال شہر کی معاشی ترقی تیز ہو جائے گی۔ ناصر بوسال نے کہا کہ وہ ملحقہ تحصیل پنڈ دادنخان کے رکن قومی اسمبلی نواب اقبال مہدی اور رکن پنجاب اسمبلی نذر حسین گوندل کے ہمراہ اس میگا پراجیکٹ کیلئے جلد وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کروں گا اس پل کی تعمیر کا کام ہمارے دور حکومت میں انشا ء اﷲ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چیئرمین اور تین میونسپل کمیٹیوں ملک وال ، منڈی بہاؤالدین اور پھالیہ کے چیئرمینوں کا فیصلہ پارٹی کا الیکشن بورڈ کرے گا اور پارٹی جس کو بھی ٹکٹ دے گی وہی کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک وال شہر میں واٹر سپلائی سکیم اور سیوریج سسٹم کے پراجیکٹس کیلئے فنڈز آ چکے ہیں جن کے ٹینڈرز جلد ہو جائیں گے ناصر بوسال نے کہا کہ ہم صرف نعروں اور وعدوں کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی کام کی سیاست اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں