حمیدہ وحید الدین نے پرائمری سکول شفقت آباد کو اپ گریڈ کر کے ایلمنٹری سکول کا درجہ دے دیا

GPS shafqat Abad mandi bahauddin news

حکومت نے ’ترقی سب کیلئے ‘ کی پالیسی اپنا رکھی ہے،بڑے چھوٹے علاقوں میں یکساں منصوبے جاری ہیں، حمیدہ وحید الدین
وزیراعلیٰ نے پہلے منڈی بہاؤالدین کیلئے 15کروڑ،اب 30کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی، 2سال کے اندر شہر کا نقشہ بدل گیا
شفقت آباد کے بوائز سکول کو اپ گریڈ کرکے ایلیمنٹری کا درجہ ملنے کا افتتاح، صوبائی وزیر کا اہل علاقہ کی طرف سے پر جوش استقبال

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ’ترقی سب کیلئے ‘ کی پالیسی اپنا رکھی ہے جس کے تحت بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے آگے بڑھائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گزشتہ سال منڈی بہاؤالدین کیلئے 15کروڑ جبکہ جاری سال میں 30کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی اور 2سال کے اندر شہر کا نقشہ بدل چکا ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ آج (جمعۃ المبارک) یہاں محلہ شفقت آباد کے بوائز پرائمری سکول کو اپ گریڈ کرکے ایلیمنٹری سکول کا درجہ ملنے کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین شہر کے محلے اور چوک اس بات کے گواہ ہیں کہ کسی علاقے کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم نہیں رکھا گیا ۔ محلہ شفقت آباد مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور یہاں کے واحد بوائز پرائمری سکول کو ترجیحی بنیادوں پر ایلیمنٹری کا درجہ دلایا ہے۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ جلد اس سکول اور محلے کے گرلز پرائمری سکول کو ہائی سکول کا درجہ دیا جائیگا۔ شعبہ تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور قوم کے نونہالوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ اہل علاقہ کے مطالبے پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد یہاں تمام گھروں میں سوئی گیس کی سہولت پہنچائی جائیگی۔ اس کے علاوہ تمام گلیوں میں ٹف ٹائلز کاکام بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ قبل ازیں حمیدہ وحیدالدین کا شفقت آباد پہنچنے پر اہل علاقہ نے پرجوش استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔صوبائی وزیر نے تختی کی نقاب کشائی کر کے سکول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر نو منتخب چیئرمین یونین کونسل کندھانوالہ چوہدری محمد منشاء گوندل ، جنرل کونسلر طاہر عباس شاہ، الطاف شاہ، سکندر اعظم باجوہ اور محکمہ تعلیم کے افسر بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں