منڈی بہاؤالدین میں 17بوسیدہ اورخطرناک عمارتوں کی نشاندہی،8مسمار،3کی مرمت

DCO Conference room mbdin news

منڈی بہاؤالدین میں 17بوسیدہ اورخطرناک عمارتوں کی نشاندہی،8مسمار،3کی مرمت
تحصیل منڈی بہاؤالدین کی 12جبکہ تحصیل ملکوال کی 5عمارتیں شامل،6کی مرمت کا کام جاری ،5عمارتوں کے مالکان کو نوٹس
ریسکیو 1122 بھی خطرناک عمارتوں کا متوازی سروے کرکے تصویری رپورٹ پیش کرے،اے ڈی سی افضال وڑائچ کی ہدایت

منڈی بہاؤالدین ) ایم بی ڈین نیوز )ضلع منڈی بہاؤالدین میں سروے کے بعد 17ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو بوسیدہ اور خطرناک ہیں۔ ان میں تحصیل منڈی بہاؤالدین کی 12جبکہ تحصیل ملکوال کی 5عمارتیں شامل ہیں۔ 8خطرناک عمارتوں کو گرا دیا گیا ہے۔ 3کی مرمت ہوئی، 6کی مرمت کا کام جاری ہے جبکہ 5عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر افضال احمد وڑائچ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا ، ڈی ایس پی فاروق احمد،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر، ای ڈی او ایجوکیشن سید توقیر شاہ، ای ڈی او( سی ڈی) ظفر محمود گوندل ،ڈی او سوشل ویلفئیر عاطف وڑائچ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ اے ڈی سی نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ریسکیو 1122کو ہدایت کی کہ تینوں تحصیلوں میں خطرناک عمارتوں کا متوازی سروے کرکے تصویری رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نجی ہسپتالوں جبکہ محکمہ تعلیم نجی سکولوں سے سالانہ بنیادوں پر عمارتوں کی فٹنس کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ انہوں نے سبزی منڈی چوک صدر بازار کی ایک بوسیدہ عمارت کی نشاندہی پر دکانداروں کو طلب کر لیا۔ افضال وڑائچ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سیکرٹری یونین کونسل کی سطح پر خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی جائے۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے بتایا کہ 72سکولوں کی عمارتوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کر لیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں