7یوم میں تمام بھٹہ مزدوروں کے بچے سکول میں داخل ہونے چاہیئں ورنہ قانون حرکت میں آئیگا

Meeting at DCO conferance room mandi bahauddin news

بھٹہ مالکان نے ایک ہفتے کے اندر مزدوروں کا کم از کم معاوضہ یقینی نہ بنایا تو کارروائی ہوگی،ڈی سی او مظفر سیال
7یوم میں تمام بھٹہ مزدوروں کے بچے سکول میں داخل ہونے چاہیئں ورنہ قانون حرکت میں آئیگا، اے سی حضرات دورے کریں
مزدوروں کو ایڈوانس دینا قانون کے تحت جرم ہے ،مزدور نمائندوں کا ڈی سی اومنڈی بہاؤالدین کے اقدامات کو زبردست خراج تحسین
منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے ضلع بھر کے بھٹہ مالکان سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر مزدوروں کا معاوضہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نافذالعمل کردیں۔ علاوہ ازیں 7یوم کے اندر تمام بھٹہ مزدوروں کے بچے سکول میں داخل ہونے چاہیئں ورنہ قانون حرکت میں آئیگا اور خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ ہائے خشت سیل بھی کئے جاسکتے ہیں۔ آج (منگل) بھٹہ مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں فی ہزار اینٹ کم معاوضے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ مالکان نے قانون شکنی کی حد کردی ہے۔ منڈی بہاؤالدین کے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت میں کیا جائیگا اوربتدریج کم از کم معاوضے کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ حکومتی فیصلے کو نظر انداز کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی۔ اجلاس میں اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ای ڈی او ایجوکیشن ، ای ڈی او زراعت، ڈی او ہیلتھ، ڈی او لیبر، ڈی ایس پی منڈی بہاؤالدین،بھٹہ مالکان اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مظفر خان سیال نے کہا کہ بھٹہ مالکان مزدوروں کو ایڈوانس دینے کی آڑ میں انکی حق تلفی کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر صورت میں قانون پر عملدرآمد کرائیں۔ انہوں نے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے بارے میں ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی او لیبر کے اعداد و شمار مسترد کرتے ہوئے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں سے کہا کہ وہ خود بچوں کی تعلیم کیلئے عمارتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔ اس مقصد کیلئے بھٹہ مالکان ، مزدور تنظیموں اور این جی اوز کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ مزدوروں میں اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کا شعور بیدار کرنا ہو گا۔ اجلاس میں مزدور تنظیموں کے نمائندے نے ڈی سی اوکے اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ قانون کے تحت بھٹہ مزدوروں کو ایڈوانس کی رقم دینا جرم ہے جس کی سزا مل سکتی ہے ۔ اس پر ڈی سی او نے اے ڈی سی او کو متعلقہ قانون پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں