انسداد پولیو مہم 11جنوری سے شروع ہو گی، 655ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں،ڈی سی او مظفر سیال

Polio meeting january 16 mbdin news

سہہ روزہ مہم میں 2لاکھ 46ہزاربچوں کو ویکسین پلائی جائے گی،ریلوے سٹیشنوں اور لاری اڈوں پر بھی قطرے پلانے کا انتظام
منڈی بہاؤالدین میں پولیو ویکسین سے انکار کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،کسی بھی علاقے کا بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے،ڈی سی او

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈی سی او منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ نئے سال کی پہلی انسداد پولیو مہم 11جنوری سے شروع ہو گی۔ جس کیلئے 655ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔11سے 13جنوری تک سہہ روزہ مہم کے دوران 2لاکھ 46ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔کل ڈسٹرکٹ انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھروں، سکولوں، عوامی مقامات کے علاوہ ریلوے سٹیشنوں اور لاری اڈوں پر بھی بچوں کو قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ 556موبائل، 63فکسڈ اور 36ٹرانزٹ ٹیموں کی تشکیل بھی مکمل ہو گئی ہے۔محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ 14اور 15جنوری کو ’’کیچ اپ ڈے‘‘ کے طور پر حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے جس کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ 5سال سے کم عمر کے بچوں کو بر وقت ویکسین پلا کر پولیو جیسے موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے۔ اﷲ کا شکر ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ نئے سال میں گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھائی جائے۔مظفر سیال نے کہا کہ سہہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران تینوں اسسٹنٹ کمشنرز مانیٹرنگ کریں۔کسی بھی علاقے کا بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔بالخصوص خانہ بدوشوں اور دیگر علاقوں سے آئے مزدوروں کے بچوں کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ سکیورٹی کیلئے پولیس کی نفری بھی فراہم کی جائیگی۔ اجلاس میں اے ڈی سی افضال احمد وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر ، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیاء اﷲ صدیقی، ڈاکٹر خالد خواجہ،ای ڈی او ایجوکیشن سید قوقیر شاہ، ڈی او (سی ڈی) ظفر محمود گوندل اور ڈی ایس پی منڈی بہاؤالدین نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں