اے سی منڈی بہاؤالدین نے 5دکانداروں کو جیل بھجوا یا، 8ہزار روپے جرمانہ ،پھالیہ میں اوورچارجنگ پر 10افراد گرفتار

AC checking in Mandi Bahauddin news

منڈی بہاؤالدین میں اوورچارجنگ اور نرخنامے آویزاں نہ کرنیوالے 15دکاندار جیل پہنچ گئے،جرمانے
اے سی منڈی بہاؤالدین نے 5دکانداروں کو جیل بھجوا یا، 8ہزار روپے جرمانہ ،اے سی پھالیہ نے اوورچارجنگ پر 10افرادکو گرفتار کیا
بیکریوں کو مال سپلائی کرنیوالے کارخانوں کوپابند بنایا جائیگا کہ وہ ہر آئٹم پر تیاری کی تاریخ اور ایکسپائری ڈیٹ ضرور لکھیں،شبیر چیمہ
اے سی ملکوال نے منظوری کے بغیر تعمیرشدہ شادی ہال سیل کردیا،ڈی سی او نے 5جنوری کو پرائس مجسٹریٹس کا دوبارہ اجلاس بلالیا

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ڈی سی او منڈی بہاؤالدین کے سخت احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے،گندگی اور مضرصحت اشیا کی فروخت کی روک تھام کے اقدامات میں تیزی آگئی ہے اور15 دکانداروں کو جیل بھجوا دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ نے مختلف دکانوں پر چھاپے مار کر نرخ نامے آویزاں نہ کرنے، اوورچارجنگ، صفائی کی ناقص صورتحال اور زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے پر5دکانداروں کو جیل بھجوایا اور مجموعی طور پر 8ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے۔ کارروائی کے دوران2 قصابوں کو اوور چارجنگ پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک سبزی فروش کو پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے مقامی جنرل سٹور کا معائنہ کیا تو صفائی کی صورتحال انتہائی نا قص تھی جس پر مالک کو سمری ٹرائل کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔حافظ سویٹس شاپ کو بیکری آئٹمز پر ایکسپائری ڈیٹ نہ ہونے پر وارننگ جاری کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ جلد ہی بیکریوں کو مال سپلائی کرنیوالے کارخانوں کو اس بات کا پابند بنایا جائیگا کہ وہ ہر آئٹم پر تیاری کی تاریخ اور ایکسپائری ڈیٹ ضرور لکھیں۔ اس ہدایت پر عملدرآمد نہ کرنے والی بیکریوں اور کارخانوں کو سیل کر دیا جائیگا۔ ایک چکن شاپ بابا نذر پولٹری کے مالک کو گندگی کے باعث گرفتار کر لیا گیا۔ شبیر چیمہ نے خبردار کیا کہ قانون کے تحت پرائس مجسٹریٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اوور چارجنگ اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر کسی دکاندار کو 30یوم کیلئے جیل بھجوا سکتا ہے۔ عوام کے مفادات کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کاشف رضا اعوان نے اوور چارجنگ پر 10دکانداروں کو 3روز کیلئے جیل بھجوا یا۔اسسٹنٹ کمشنر ملکوال آصف رضا نے موضع رکن میں ٹی ایم اے کے بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تعمیر ہونیوالے شادی ہال کو سیل کر دیا۔انہوں نے موضع رکن میں بنیادی مرکز صحت اور گرلز پرائمری سکول کا دورہ کرکے سٹاف کی حاضریاں بھی چیک کیں۔ ڈی سی او مظفرسیال نے 5جنوری کو تمام پرائس مجسٹریٹس کا دوبارہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔جس میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں