بختاور بھٹو زرداری رشتہ ازدواج میں منسلک، تصاویر منظر عام پر

کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحب زادی بختاور بھٹو زرداری، محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔

نکاح کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ نکاح ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی روحانی اور دینی شخصیت الحاج غلام محمد سوہو نے پڑھایا۔نکاح کی تقریب میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، صنم بھٹو، فریال تالپور، چوہدری یونس سمیت دونوں خاندانوں کی قریبی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈاکٹر عاصم حسین، شیری رحمان، سینیٹر عینی مری، فاروق ایچ نائیک بھی شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بیٹی کو رخصت کیا۔ بلاول ہاؤس ذرائع کے مطابق دلہا محمود چوہدری اور دلہن بختاور بھٹو نے سفید رنگ کے لباس زیب تن کیے۔ مہمانوں کی تواضع بریانی، چکن تکہ، ملائی بوٹی، دھاگا کباب، کٹاکٹ اور دیگر کھانوں سے کی گئی۔

نکاح بلاول ہاؤس کے اندرونی حصے میں ہوا جس میں صرف اہل خانہ اور قریبی افراد شریک ہوئے۔ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، تقریب نکاح میں 150 سے زائد مہمان شریک ہوئے۔ دریں اثنا سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ہفتے کو بلاول ہاؤس میں استقبالیہ دیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی کے حوالے سے ٹویٹ کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے۔ بلاول نے کہا کہ مجھے ایسا لگا کہ خوشیوں کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ ایک نئی زندگی کی ابتداء کی مبارک باد ہو.

کیا آپ جانتےہیں بختاور بھٹو کا حق مہر کتنا ہے؟
شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری آج محمود چوہدری کيساتھ رشتہ ازدواج ميں منسلک ہوگئیں ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی بڑی بیٹی کا نکاح معروف عالم الحاج غلام محمد سوہو نے پڑھایا تاہم بختاور بھٹو کے حق مہر میں 132 تولہ چاندی مقرر کی گئی ۔ صراف ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی کے نرخ 1300 روپے جبکہ 10 گرام 1114.54 روپے ہے۔

اس حساب سے پاکستانی روپے میں 132 تولہ کی قیمت ایک لاکھ 71 ہزار 600 روپے بنتی ہے ۔ نکاح کے موقع پر بختاور بھٹو گولڈن عروسی لباس اور محمود چوہدری آف وائٹ شيروانی ميں توجہ کا مرکز تھے، تقریب میں دونوں خاندان کے افراد نے شرکت کی.

بختاور بھٹو زرداری رخصتی کے بعد کہاں جائیں گی؟
شہید محترمہ بینظیر بھٹو زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری رخصتی کے بعد لاہور اور پھر دبئی جائیں گی،بختاور کے دولہا محمود چوہدری کی لاہور ميں حويلی کو برقی قمقموں سے سجاديا گيا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں