dhq hospital mandi bahauddin

ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کاتفصیلی دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ایمرجنسی، لیبارٹری، فارمیسی، ٹراما سنٹر، او پی ڈی بلاک، سی ٹی سکین سنٹر، امراض چشم وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر علاج معالجہ کیلئے آئے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغورجائزہ لیا ۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 31مئی 2022 ) انہوں نے وارڈز میں مختلف مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق استفسار بھی کیا۔ جس پر مریضوں نے علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور غیر ضروری سامان کی آکشن کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو سٹی ہسپتال کا درجہ دے دیا گیا

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قمر الزمان، ایڈمن آفیسر محمد کاشف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کوپنجاب حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہم کردہ سہولیات کی دستیابی پر کڑی نظر مرکوز ہے تا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کو طبی لحاظ سے ہر ممکن سہولیات کی بر وقت فراہمی آپ کی بنیادی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں غفلت یا تاخیر نا قابل قبول ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے لئے تمام ضروری ادویات مفت موجود ہیں۔ مریضوں کو علاج معالجے اور ادویات کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں